• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہر اور کینٹ میںتجاوزات کیخلاف آپریشن، سینکڑوں تھڑے اور شیڈمسمار،اراضی واگزار

راولپنڈی ( اپنے رپورٹر سے،نمائندہ جنگ، اپنے نامہ نگار سے) شہر اور کینٹ میں تجاوزات کیخلاف آپریشن میں متعدد تعمیرات گرادی گئیں۔ ڈھوک الٰہی بخش، سرسید چوک میں ناجائز تجاوزات کے خلاف کے آپریشن کے دورا ن متروکہ وقف املاک بورڈ کی چار کنال، سات مرلے زمین کو واگزار کرایاگیاجس کی مالیت تقریبا 50 کروڑ روپے ہے ۔ محکمہ اوقاف کی اراضی پر ناجائز طور پر گھر اور دکانیں تعمیر کی گئیں تھیں۔ آپریشن میں میونسپل کارپوریشن کے علاوہ محکمہ مال، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس، واپڈا، سوئی گیس اور دیگر محکموں کے اہلکاروں نے حصہ لیا۔ اسسٹنٹ کمشنر سٹی ندیم افضل نے کہا کہ قابضین کو ایک سے زائد بارنوٹس جاری کئے گئے اور ہدایت کی گئی کہ تجاوزات کو ختم کریں اور موجودہ آپریشن حتمی وارننگ کے بعد کیا گیا ہے ۔ راولپنڈی میونسپل کارپوریشن کے عملے نے شہر کے مختلف علاقوں میں تجاوزات کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے57دکانوں کے سامنے تجاوز کردہ شیڈ گرا کر فٹ پاتھ اور سڑکوں پر پڑا سامان قبضے میں لے لیا، بدھ کے روز سپرنٹنڈنٹ ریگولیشن پرویز مغل کی زیرنگرانی عملے نے ڈھوک الٰہی بخش میں تجاوزات کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے 22دکانوں کے سامنے لگے شیڈ، موتی بازار میں بیس شیڈ، بازار تلواڑاں میں پندرہ شیڈ گراتے ہوئے کٹاریاں مارکیٹ، جناح روڈ، مری روڈ شمس آباد اور گرد ونواح کے علاقوں میں بھی کارروائی کی اور فٹ پاتھ وسڑکوں پر پڑا سامان قبضے میں لے لیا۔ تمام دکانداروں کو حتمی نوٹسز بھی جاری کئے گئے کہ آئندہ تجاوزات کی شکایات سامنے آنے پر ان کیخلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی، میونسپل آفیسر ریگولیشن شہزاد نوید گوہر نے کہا کہ عدالت عالیہ کے حکم پر روزانہ کی بنیاد پر تجاوزات کیخلاف کارروائی ہوگی جونہی ہیوی مشینری اور عملہ دستیاب ہوا آپریشن میں مزید تیزی لائیں گے، ادھر شہریوں نے تجاوزات کیخلاف آپریشن کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ عدالت عالیہ کے حکم پر لاقانونیت کیخلاف ایکشن بلاتخصیص جاری رہے گا ادھر ذرائع کا کہنا ہے کہ تجاوزات مافیا کو مقامی سیاسی قیادت کے ساتھ ساتھ نام نہاد تاجر نمائندوں کی بھی سرپرستی حاصل ہے اور اسی مقصد کیلئے ہر بازار کی علیحدہ سے یونین بنی ہوئی ہے جس کے نمائندے خود تجاوزات کی سرپرستی کرکے باقاعدہ بھتہ لیتے ہیں لہذا عدالت اور انتظامیہ کو ان نام نہاد تاجر نمائندوں کیخلاف بھی سخت کارروائی کرنی چاہئے، دوسری طرف ڈھوک الٰہی بخش کے دکانداروں راجہ ظفر اور دیگر نے میونسپل کارپوریشن کے اس آپریشن کو جلد بازی قرار دیتے ہوئے کہا کہ بغیر کسی ایڈوانس نوٹس کے دکانداروں کا نقصان کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن کر ان کے ساتھ زیادتی کی گئی جس سے تاجروں کا خاصا مالی نقصان بھی ہوا۔ چکلالہ کینٹ بورڈ نے بھی ٹاہلی موہری اور ڈھیری حسن آباد میں مستقل تجاوزات کیخلاف آپریشن کرتے ہوئے دکانوں اور مارکیٹوں کے سامنے بنے ساڑھے تین سو تھڑے توڑ دیئے ، دکانوں کے سامنے بنے شٹر ز اور جنگلوں کا بھی خاتمہ کر دیا ۔شعبہ انسداد تجاوزات نے بھاری مشینری کے ہمراہ بدھ کے روز ٹاہلی موہری اور ڈھیری حسن آباد کے بازاروں میں آپریشن کر کے تھڑے توڑ دیئے ، اہل علاقہ کا کہنا تھا کہ پہلی مرتبہ کینٹ بورڈ کی طرف سے تجاوزات کیخلاف حقیقی طور پر آپریشن ہوتا نظر آیا ہے ورنہ اس سے قبل فرضی کارروائیاں ڈالی جاتی رہی ہیں یہی وجہ سے کہ لوگ فٹ پاتھوں اور سڑکوں پر قابض ہو چکے ہیں ۔مستقل تجاوزات کیخلاف اس طرح کے آپریشن کو جاری رہنا چاہئے۔ ضلع کونسل انتظامیہ نے بدھ کو بھی اڈیالہ روڈ پر انسداد تجاوزات آپریشن جاری رکھا۔ چیف آفیسر کامران خان نے بتایا کہ آپریشن کے دوران دھاماں موڑ پر گیارہ شیڈز اور سات تھڑے گرائے گے۔انہوںبتایاکہ اڈیالہ روڈ پر سوزوکی گاڑیوں میں فروٹ اور سبزی فروحت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کیلے ٹریفک پولیس سے کہا گیا ہے۔
تازہ ترین