• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حبیب جالب کی بیٹی کے زائد بل پر چیف ایگزیکٹو لیسکو کا نوٹس

مرحوم انقلابی شاعر حبیب جالب کی صاحبزادی طاہرہ حبیب کو 75ہزار روپے کا بجلی کا بل بھیجنے کے معاملے کا چیف ایگزیکٹو لیسکو مجاہد پرویز چٹھہ نےنوٹس لے لیا۔

لیسکو کے ترجمان کے مطابق لیسکو کے چیف ایگزیکٹو مجاہد چٹھہ نے اس معاملے پر متعلقہ ایس ڈی او کو تفصیلات سمیت طلب کرلیا ہے۔

ترجمان لیسکوکا یہ بھی کہنا ہے کہ معاملے کی شفاف تحقیقات کی جائے گی اور ہر ممکن سہولت دی جائے گی۔

طاہرہ جالب کے ڈھائی مرلے کے مکان کا بجلی کا بل لیسکو نے 75ہزار روپے بھجوادیا تھا،طاہر ہ جالب گزر بسر کے لیے ٹیکسی چلاتی ہیں، ان کا کہنا تھا کہ چھوٹے سے گھر کا 75 ہزار روپے کا بل بھیج دیا گیا ہے، لیسکو سے شکایت کرنے پر حکام نے بل کم کرنے کے بجائے قسطیں کرنے کا کہہ دیا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ حکومت کی طرف سے ان کی والدہ کو ملنے والاوظیفہ بھی بند کردیا گیا ہےجس کی وجہ سے ان کی گزر بسر بڑی مشکل سے ہورہی ہے،ہم اتنا بھاری بل کیسے ادا کریں گے۔

طاہرہ حبیب نے بتایاکہ وہ ماں کو ملنے والا ماہانہ وظیفہ بند ہونے کی وجہ سے ٹیکسی چلانے پر مجبور ہیں اور لاہور کی ایک نجی کمپنی کی ٹیکسی سروس میں بطور کیپٹن کام کر رہی ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ انہوں نے بینک سے قرضہ لے کر گاڑی لی تھی اور اب ٹیکسی چلانے سے ان کا گزر بسر ہوتا ہے ۔

طاہرہ کی والدہ کا ماہانہ وظیفہ 25 ہزار روپے تھا جو کہ ان کی والدہ کے انتقال کے باعث 2014 ء میں شہباز شریف کے دور حکومت میں بند کر دیا گیا تھا۔

طاہرہ جالب نے حکومت سے وظیفہ دوبارہ شروع کرنے کامطالبہ بھی کیا تھا۔

واضح رہے کہ حبیب جالب کی صاحبزادی کے 75 ہزار روپے کے بل کا معاملہ جیو نیوز نے اٹھایا تھا۔

24اکتوبر 1928ء کو پیدا ہونے والے عظیم انقلابی شاعر حبیب جالب 12 مارچ 1993 ءکو انتقال کر گئے تھے، انہوں نے نامساعد حالات میں بھی عوام کے لیے آواز اٹھائی اور ان کی نمائندگی کا حق ادا کیا۔

حبیب جالب کی بے باک شاعری ظلم، زیادتی، بے انصافی اور عدم مساوات کے خلاف ڈھال کے طور پر ہر دور میں مظلوموں اور محکوموں کی آواز ثابت ہوئی ہے۔

تازہ ترین