• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’سانحہ کار ساز میں کرائم سین کو دھوکر شواہد مٹائے گئے‘‘

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے واقعات میں ہمارے شہیدوں کو بھی انصاف نہیں ملا، سانحہ کارساز کے کرائم سین کو دھو کر شواہد مٹائے گئے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کارساز کراچی میں سانحہ کارساز کے شہداء کی برسی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے، ان کے ہمراہ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، خورشید شاہ اور دیگر پارٹی رہنما بھی تھیے۔

چیئرمین پی پی پی نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے جمہوریت کے لیے قربانی دی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی پی کے کارکنوں نے اس ملک کے لیے قربانیاں دی ہیں، پاکستان میں دہشت گردی کے بڑے واقعات ہوئے ہیں، لیکن کسی کو انصاف نہیں ملا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ سانحہ کارساز میں سب سے زیادہ لوگ شہید ہوئے، پیپلزپارٹی نے جمہوریت، امن اور اس ملک کے لیے بے شمار قربانیاں دی ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کی جدوجہد جاری رہے گی، دہشت گردی کے خطرات سے نہیں ڈرتے، ہم نے اسمبلی میں مطالبہ کیا ہے کہ دہشت گردی کے واقعات کی تحقیقات ہونی چاہئیں۔

چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ حکومت کے رویّے سے لگتا ہے کہ پی ٹی آئی انتقام کی سیاست کر رہی ہے، تحریکِ انصاف، تحریکِ انتقام بن گئی ہے، نظر آرہا ہے کہ حکومت ناکام ہوگئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن میں دہشت گردی کے کئی واقعات ہوئے، ضمنی انتخابات سے چند روز پہلے اپوزیشن لیڈر کی گرفتاری سے شکوک پیدا ہوتے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے یہ بھی کہا کہ دہشت گردی کے تمام واقعات کی تحقیقات کر کے عوام کو اس کے نتائج سے آگاہ کیا جانا چاہیے۔

واضح رہے کہ آج ہی کے دن 18 اکتوبر 2007ء کو بے نظیر بھٹو شہید کی پاکستان واپسی کے موقع پر ان کا استقبال کرنے والوں کو کارساز کے مقام پر خودکش حملے کا نشانہ بنایا گیا تھا، اس واقعے میں متعدد افراد شہید ہوئے تھے جبکہ متعدد افراد زخمی ہو کر زندگی بھر کے لیے معذور ہوگئے تھے۔

تازہ ترین