• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عائزہ خان کا شمارپاکستان کی خوبصورت ترین اداکارائوں میں  ہوتا ہے۔ اپنے سنجیدہ رویوںاور بھرپور اداکارانہ صلاحیتوں کی بنا پر وہ ڈراموں میں پہلا انتخاب بن گئی ہیں۔ بہت کم مدت میں اپنی پہچان بنانے والی عائزہ خان نے 2009ء میں جب شوبز کی دنیا میں قدم رکھا تو وہ صرف16سال کی تھیں۔ 9سال کی جدوجہد کے بعد اب وہ ٹی وی اسکرینز اور اشتہارات کے بل بورڈز پرتواتر سے نظر آتی ہیں۔ دانش تیمور سے شادی اور بیٹی کی پیدائش کی وجہ سے انہوں نے مختصر عرصے کیلئے کنارہ کشی اختیار کرلی تھی ، تاہم اب وہ پھرسے اپنی صلاحیتوں کا اظہار کرنے میں مصروف ہیں۔

انڈسٹری میں آمد

عائزہ نے اپنے شو بز کیریئر کا آغاز ماڈلنگ سے کیا۔ ان کا اداکارہ بننے کا قطعی کوئی ارادہ نہیں تھا لیکن کئی لوگوں نے ان سے رابطہ کیا۔ ایک تجرباتی مرحلے سے گزرنے کے لیے انھوں نے اداکاری کرنے کی ہامی بھر لی، پھر اپنی عمدہ پرفارمنس سے ناظرین کے دل میں گھر کرلیا۔ ان کی فیملی نے انھیں بہت سپورٹ کیا جبکہ ہر شوٹ پر ان کی والدہ بھی ان کے ہمراہ ہوتی تھیں۔ دراصل جب عائزہ کالج میں تھیں تو ایک رنگ گورا کرنے والے مشہور برانڈ کی جانب سے ہونے والے بیوٹی کونٹسٹ میں انہوں نےحصہ لیا اور اس طرح وہ منتخب ہوگئیں۔ اس طرح انہیں ایک اور مشہور ٹیلی کام برانڈکے کمرشل میں کام مل گیا۔ عائزہ ان دنوں مارکیٹنگ اور فنانس میں بیچلر کرررہی تھیں کہ انہیں اس قسم کے مزید پروجیکٹس آفر ہونے لگے اور پھر ان کی دلچسپی شو بزنس میں بڑھنے لگی۔

کرداروں کا انتخاب

مشرقی لڑکی ہونے کے باعث عائزہ بولڈ کرداروں سے اجتناب کرتی ہیں اور کوشش کرتی ہیں کہ ایسےکردار کریں، جن کے ذریعے عوام کو اچھا پیغام ملتاہو۔ جب انہیں اسکرپٹ ملتا ہےتووہ دیکھتی ہیں کہ اس میں ثقافتی اقدار کو کوکتنی اہمیت دی گئی ہے، پھر وہ اس پروجیکٹ کی کاسٹ کو دیکھتی ہیں، اگر کاسٹ اچھی ہوتی ہے توپھر وہ ہامی بھر لیتی ہیں۔

دانش سے ملاقات

عائزہ کہتی ہیں کہ ’’ہم دونوں 2008ءسے انڈسٹری میں کام کررہے تھے ، ہماری ملاقات ایک ایجنسی میں ہوئی۔ ان دنوں اورکٹ استعمال میں تھا، جیسے کہ آج کل فیس بُک ہے۔ ہم نے ایک دوسرے کو اورکٹ پر ایڈ کیا اور chatting شروع کردی۔ بعد میں ہم نے ایک دوسرے کے ساتھ کمٹمنٹ کی لیکن پھر راستے جدا کرلیے،تاہم جب کافی عرصے بعد ہم نے ایک سیریل ’ جب وی ویڈ‘ ایک ساتھ کی تو پھر ہمیں احساس ہو ا کہ ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ ہی رہنا چاہئے اور پھراس طرح ہماری شادی ہوگئی‘‘۔

مشکل کردار

عائزہ کے مطابق ان کیلئےجیو ٹی وی کا ڈرامہ ’’ مِی رقصم ‘‘ کاکردار بہت چیلنجنگ تھا کیونکہ اس میں کوئی میک اَپ نہیں کیا تھا اور اسے اپنی قدرتی خوبصورتی سے نبھایا۔ اداکار ی میں وہ فہد مصطفیٰ ، محب مرزا اور سمیع خان سے متاثر ہیں۔

گھر اور انڈسٹری میں توازن

گھر اور انڈسٹری میںتواز ن قائم رکھنا عائزہ کے لئے کوئی مسئلہ نہیں رہا۔ وہ بآسانی اپنی فیملی اور شوٹنگ کو ٹائم دیتی ہیں۔ 

وہ دو بچوں کی ماں بھی ہیں، جب وہ پندرہ دن کیلئے نان اسٹا پ شوٹنگ پر گئیں تو ان کے سسرال والوں نے انھیں بہت سپورٹ کیا۔ عائزہ ایک پروجیکٹ کرنے کے بعد ہی دوسرا پروجیکٹ کرتی ہیں تاکہ اپنی فیملی کو وقت دے سکیں۔

سینئر اداکاروں کے ساتھ کام

شروع شروع میں بڑے اور نامور فنکاروںکے ساتھ کام کرنے میں عائزہ تھوڑی گھبراہٹ کا شکار تھیں لیکن بعد میں ثانیہ، فیصل اور محب مرزاجیسے دیگر سینئر اداکاروں کےساتھ کام کرنے کو وہ انجوائے کرنے لگیں۔ ان سے اداکاری کے اسرار و رموز سیکھےاور عائزہ کے مطابق انہوں نے ان کی بہت مدد کی۔

ڈرامہ انڈسٹری کے بارے میں تاثرات

عائزہ کہتی ہیں کہ ہماری ڈرامہ انڈسٹری ہمیشہ سے بہترین رہی ہے اور اب نئے ٹیلنٹ کےسا تھ لڑکیاں او رلڑکے بہتر سے بہتر کام کررہے ہیں، انہیں اپنا نام بنانے کے لئے مواقع دینے چاہئیں۔ میں نے انڈسٹری سے یہی سیکھا ہے کہ آپ کو سب کی عزت کرنی ہے اوراپنا کام ایماندار ی سے کرناہے۔ 

تازہ ترین