• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آپ کے مسائل اور اُن کا حل

سوال :۔ اٹلی کی ایک کمپنی ہے ،جو کہ اشتہارات کی اشاعت میں ثالثی کا کردار ادا کرتی ہے۔ اس کمپنی کا بنیادی کام چینلز سے ٹائم خریدنا اور اشتہارات کی خواہش مند کمپنیز کو بیچنا ہے،جس کے لیے ایک بہت بڑی رقم درکار ہوتی ہے۔یہ رقم یوزرزیعنی کہ انویسٹرز سے لی جاتی ہے۔ جس کے بدلے کمپنی اپنے پرافٹ میں سے یوزرز کو دیتی ہےاورانویسٹر کو ہر رقم کے بدلے ایک متعین خاص نفع بتایا جاتا ہے کہ آپ کو اتنا ہی ملے گا ،خواہ کاروبار زیادہ ہو یا کم ۔150 ڈالرکی کم از کم انویسٹمنٹ پر 30$ ماہانہ ملتے ہیں۔ آپ کو روزانہ 1$ ملتا ہے جو کہ مہینے کے آخر تک 30$ ہو جاتے ہیں۔انویسٹمنٹ کرتے وقت آپ کا پرفیکٹ منی اکاؤنٹ بنایا جاتا ہے جس کے ذریعے آپ کمپنی کے اکاؤنٹ میں پیسے جمع بھی کروا سکتے ہیں اور پیسے نکلوا بھی سکتے ہیں۔ آپ اپنی رقم ۱۔ایزی پیسہ اکاؤنٹ۔۲۔ اومنی اکاونٹ۔۳۔ جیز کیش یا پھر اپنے بینک اکاؤنٹ سے حاصل کر سکتے ہیں۔

فنڈ ٹرانسفر کرنے پر ہر دفعہ 8 فیصد ٹیکس کٹوتی ہوگی۔ کمپنی آپ کوبنیادی تیس ڈالر کے ساتھ ساتھ کئی قسم کے بونس آفر کرتی ہے، لیکن اس کے لیے آپ کو مزید افراد کو اپنے under اس کاروبار میں شامل کرنا پڑتا ہے۔ جس کا طریقہ ملٹی لیول مارکیٹنگ ہے ، جتنے لوگ آپ کےذریعے شامل ہوں گے، آپ کو سب کا کمیشن ملے گا،چاہے آپ نے اس کے لیے کوئی محنت کی ہو یا نہ کی ہو، آپ کو کمیشن ملے گا اور خاص تعداد پر آپ کو انعامات بھی دیے جائیں گے۔

اگر آپ 5 یا 7 دن میں اپنی رقم واپس نکلوانا چاہیں تو ٹیکس کی کٹوتی کے ساتھ نکلواسکتے ہیں ۔اس کے بعد آپ اپنی رقم نہیں نکلواسکتے۔بلکہ آپ کو نفع ملتا رہے گا۔ازروئے قرآن و سنت رہنمائی فرمائیں ،کیا اس میں سرمایہ کاری کرنا جائز ہے؟ (عبد الجلیل،کراچی)

جواب:۔ مذکورہ کمپنی کے طریقہ کار میں دو عقد نمایاں ہیں: ایک عقد چینل والوں اور اس ادارے کے درمیان ہے۔یہ عقد اجارہ ہے جس میں کہ یہ ادارہ ان چینل والوں سے اشتہارات چلانے کے لیے ان کاوقت کرایہ پر لیتا ہے۔ دوسرا عقد لوگوں اوراس ادارے کےدرمیان ہےکہ لوگ اس ادارے کوچینل کا وقت خریدنے کےلیے رقم مہیا کرتے ہیں اورپھر جس کا جتنا سرمایہ ہوتا ہے،اس کے حساب سے اسے ایک متعین نفع ملتا ہے۔جیسے 150 ڈالر پر ایک ڈالریومیہ۔ مزید یہ کہ نئے لوگوں کو شامل کرانے پر ہر ایک کےممبر کے بدلے کچھ کمیشن بھی دیا جاتا ہے ۔

کاروبار کا یہ طریقہ کار چند مفاسد پر مشتمل ہونے کی وجہ سے ناجائز ہے۔ممبران کو معاہدے کے تحت ایک متعین رقم بصورت نفع دی جاتی ہے ، جو کہ ناجائز ہے۔یہ شرط بھی فاسد ہے کہ ایک خاص مدت کے بعد اصل رقم کسی صورت واپس نہیں ملے گی۔ ادارے کااپنے کسٹمرز کو یہ آفر دینا کہ جو جتنے کسٹمرز کو لے کر آئے گا تو ملٹی لیول مارکیٹنگ کے طریق پر ہر نئے کسٹمر پر بھی اسے کچھ کمیشن دیا جائے گا۔ مارکیٹنگ کا یہ طریقہ بھی شرعاً جائز نہیں ۔اس طرح آنے والے اشتہارات میں کئی قسم کی شرعی خرابیاں پائی جاتی ہیں، اس لیے کمپنی کا بنیادی کاروبار بھی حلال نہیں ہے۔ان وجوہ کی بناء پر مذکورہ کمپنی میں سرمایہ کاری کرنا درست نہیں ہے ۔اگر کسی نے سرمایہ لگایا ہوتو معاہدہ ختم کرنا واجب ہے اور اگر کچھ نفع ملا ہوتو وہ حلال نہیں ہے۔

تازہ ترین