• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انرجی ایفیشنٹ (توانائی کی بچت ) سے مراد وہ گھر ہے، جہاںآپ توانائی کا دانشمندانہ ا ستعمال کریں یا پھر توانائی کے ایسے متبادل کا انتخاب کریں جو آپ کی جیب اور ماحول پر گراںنہ گزرے۔ متبادل ذرائع میں شمسی توانائی کافی مقبول ہے اور بجلی کے حصول کیلئے اس پر مکمل طور پر انحصار کیا جاسکتاہے۔

چاردیواری کی تیاری

عمارت کے احاطے میں بیرونی اور اندرونی دیواریں اور جگہیں سب شامل ہوتی ہیں۔ دیواریں، چھتیں، سیلنگ ، فرش، کھڑکیاں اور دروازے سب مل کر عمارت کی شکل سامنے لاتے ہیں۔ اگر اسی خاکے میں مؤثر توانائی والے پہلو شامل کرلیےجائیں، جیسے کم توانائی سےملنے والی بھرپور روشنی، حرارت ، ٹھنڈ ک اور ہواکی آمد روفت کا بہتر نظام موجود ہو تو توانائی پر آنے والے اخراجات میں کافی حد تک کمی آسکتی ہے۔ اپنے گھر کا اسٹرکچر کھڑا کرتے وقت آپ درج ذیل اقدامات کرسکتے ہیں:

دیواروں میں کسی قسم کا رخنہ نہ ہو ، بھرائی کرکے ہر قسم کے لیکیج کو بند کیا جائے

٭ ہوا کی آمدورفت میں رکاوٹ نہ ہو

٭ چھت کو ٹھنڈا رکھنے کیلئے اس کے اوپر پودے وغیرہ یا دھوپ کی شد ت سے بچنے کیلئے شیٹ وغیرہ لگائی جائے

٭ زمین کے اندر بھی سرنگیں بنائی جائیں، جس سے ہوا کا گزر ہوتا ہو

٭ دیواروںکے ساتھ درخت لگائے جائیں، جن کا سایہ ان پر پڑتاہو

سولر پینل کا استعمال

بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے بچنے اور بلاتعطل بجلی حاصل کرنےکیلئے توانائی کے متبادل ذرائع کو تلاش کرنے کی ضرورت ہے ۔ اس کا سب سے آسان اور سستا حل سولر پینل ہیں۔ اگرچہ تین طرح کے سولر پینلز دنیا بھر میں استعمال ہوتے ہیں، سنگل کرسٹل سیلیکون پینلز یا مونو کرسٹلائن، پولی سیلیکون پینلز یا پولی کرسٹلائن اور ٹی ایف ٹی پینلز، مگر صارفین اکثر سنگل کرسٹل سیلیکون یا پولی سیلیکون پینلز کا انتخاب کرتے ہیں اوراسی طلب کی وجہ سے مارکیٹ میں ان کی بھرمار ہے۔

شمسی توانائی پر منتقل ہونے کے حوالے سے ماہرین مشورہ دیتے ہیں کہ ایل ای ڈی لائٹس اپنا کر بجلی کے لوڈ کو کم کیا جاسکتا ہے، کیونکہ یہ بہت کم کرنٹ استعمال کرتی ہیں اور ان کی لائف بھی طویل ہوتی ہے۔ ایل ای ڈی لائٹس ، مہنگی تو ہوتی ہیں مگر طویل المیعاد استعمال کے حوالے سے کفایتی ہوتی ہیں۔ اسی طرح ڈی سی انورٹر والے ریفریجریٹرز، فریزر اور ایئرکنڈیشنرز بھی مقبولیت حاصل کررہے ہیں۔ ملک کے بیشتر علاقوں میں شمسی توانائی گھریلو صارفین کا انتخاب بنتی جارہی ہے، موجودہ حالات میں شہریوں کے لیے یہ لوڈشیڈنگ سے نجات کا واحد ذریعہ ہے جو کہ سورج کی بدولت طویل عرصے تک کے لیے کارآمد ہوتی ہے۔ متبادل توانائی کے بہت سارے ذرائع قدرت نے ہمیں عطا کیے ہیں۔ ان کا دانشمندانہ استعمال کرکے ہم بہت سے مسائل سے بچ سکتے ہیں اور ایک آرام دہ زندگی گزار سکتے ہیں۔ سولرپینلز کے بعد سائنس دانوں نے سولر ٹائلز بھی تیار کر لی ہیں جن کی مدد سے سڑکوں اور راہگزاروں پر ان کی تنصیب سے بجلی پیدا کی جا سکتی ہے۔ برطانیہ کی گلاسگو یونیورسٹی کے سائنس دانوں نے ایسی ٹائلز ایجاد کی ہیں، جونہ صرف بجلی پیدا کر سکتی ہے بلکہ انسان کا وزن برداشت کرنے کے ساتھ ساتھ واٹر پروف بھی ہیں۔

بایو ماس گیس

کچن میں بچ جانے والا کھانا، کچی سبزیاں اور ان کے چھلکے، لکڑی، کھاد، بچ جانے والی چائے کی پتی، خراب ہونےو الی ڈیری مصنوعات وغیرہ سے حاصل ہونے والی گیس کو بایو ماس گیس کہتے ہیں ۔ اس کو ایک خاص طریقہ کار کے تحت استعمال میں لا کر توانائی حاصل کی جاسکتی ہے ۔

پانی کا ذخیرہ

قطرہ قطرہ دریا بنتاہے ، ،لیکن اگر قطرہ قطرہ گرتا رہے تو پانی کی ٹنکیاں خالی ہو جاتی ہیں۔ اسی لیے ایسے نل وغیرہ استعمال کریں جن میں پانی سست روی سے نکلتا ہو اور پوری پائپ لائن میں پانی کا کوئی رسائو نہ ہوتا ہو۔ استعمال شدہ پانی کو ری سائیکل کیا جائے تو اس سے بھی توانائی کی بچت کی جاسکتی ہے۔

استعمال شدہ عمارتی مٹیریل

مسمار کرنے یا تعمیر نو کے دوران جو کنکریٹ یا اسٹیل بچ جاتاہے اسے ری سائیکل کیا جا سکتا ہے۔ یہ عمل ماحول دوسست ہونے کے ساتھ ساتھ لاگت کم کرنے میں بھی معاون ثابت ہوتاہے۔

ایل ای ڈی لائٹس کا استعمال

گھر کو روشن رکھنے کیلئے اگر ایل ای ڈی لائٹس2سے17واٹ تک بجلی خرچ کریں تو اس سے ایک تہائی بجلی کی بچت ہوتی ہے اور اس کے نتیجے میں بل بھی کم آتاہے۔

سولر واٹر ہیٹر

سولر واٹر ہیٹر سورج کی حرارت کو ہیٹ انرجی میں تبدیل کرتے ہوئے پانی گرم کردیتاہے۔ اسی لیے اگرآپ کو نہانے، کپڑے یا برتن دھونے کیلئے گرم پانی کی ضرورت ہے تو آپ سولر واٹر ہیٹر لگا سکتے ہیں اور اپنا گیس یا بجلی کا بل کم کرسکتے ہیں۔ 

تازہ ترین