• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہالی ووڈ ایکشن مووی ’’مشن امپوسبل‘‘ کی چھٹی سیریز ’’فال آؤٹ‘‘ نے حال ہی میں باکس آفس پر خاصی دھوم مچائی۔ فلم میں ٹام کروز خفیہ ایجنسی کے اہلکار ایتھن ہنٹ کے روپ میں جلوہ گرہوئے ہیں جو مشن امپاسبل کو پاسبل یعنی ناممکن کو ممکن کرتے نظر آتے ہیں۔ ہم پاکستانیوں کے لیے فخر کی بات یہ ہے کہ معروف گلو کار عطااللہ عیسیٰ خیلوی کی صاحبزادی لاریب عیسیٰ خیلوی بھی ہالی ووڈ کے سپر اسٹارٹام کروز کی فلم ’’مشن امپاسبل، فال آؤٹ‘‘کی وژوئل ایفیکٹ ٹیم کا حصہ ہیں، جنہیں پاکستان کی پہلی کم عمر ترین وژوئل ایفیکٹس کی ماہرآرٹسٹ ہونے کااعزاز حاصل ہے۔

ابوظہبی،نیوزی لینڈ،ناروے، لندن، پیرس اور برلن سمیت دیگر جگہ خطرناک سین فلمائے گئے ہیں۔ ٹام کروز ایسے خطرناک سین خود ہی فلمانے کو ترجیح دیتے ہیں، لندن میں ایک ایکشن سین فلمائے جانے کے دوران ان کے ٹخنے میں شدید زخم آئے تھے۔اس فلم کے سیکوئلز میں لوگوں کی دلچسپی کے باعث آج ہم مختلف مناظر میں فلمائے جانے والے تعمیراتی شاہکاروں کے بارے میں اپنے قارئین کو آگاہ کرنے جارہے ہیں۔

گرینڈ پیلس میوزیم ،پیرس

فال آؤٹ کےلیےابوظہبی کے آسمان پر ٹام کروز نے اپنے ساتھی اداکار ہنری کیول کے ساتھ 25ہزار کی بلندی سے پیراشوٹ کے ساتھ چھلانگ لگاکر سین فلمایا اور سیٹ ڈیزائنگ کے ذریعے وہ پیرس میں واقع گرینڈ پیلس میوزیم عمارت کی شیشے کی چھت پر اترے۔ گرینڈ پیلس فرانس کے کلاسیک تعمیراتی ڈیزائن کا شاہکار مانا جاتا ہے۔ یہاں آرٹ کے فن پاروں کی نمائش ہوتی ہے۔ اس کا تعمیراتی جاہ و جلال اور خوبصورتی فرانسیسیوں کی فن و تعمیر سے محبت کا ثبوت ہے۔

آرک ڈی ٹرایومفے،پیرس

مشن امپوسبل فال آؤٹ میںٹام کروز کوپیرس کے تعمیراتی شاہکار آرک ڈی ٹرایومفے کے پاس بائیک دوڑاتے ہوئے دکھایا گیا ہے،جہاں شوٹنگ کے لیے کاسٹ اور کریو کو اتوار کی صبح دو گھنٹے کیلئے شوٹنگ کی اجازت دیتے ہوئے کہا گیا کہ یہاں کےتعمیراتی شاہکار آپ کی فلم کو چار چاند لگا دیں گے۔ پیرس میں واقع آرک ڈی ٹرایومفے کا شمار انتہائی نفیس یادگاروں میں ہوتا ہے۔ اس کا تعمیراتی حسن دیکھنے والوں کی آنکھوں کو خیرہ کردیتا ہے۔ اس کاآسٹیلر ڈیزائن فرانس کے ماہرِ تعمیرجین شالگرنے قدیم رومی طرزِ تعمیر کے کلاسیکل انداز میں بنایا اور اسے حسین مجسموں سے سجا کر اپنی نوعیت کی منفرد یادگار بنادیا،جو فرانس کے سپہ سالاروں کی فتوحات کو بیان کرتے ہیں۔

سینٹ پال کیتھیڈرل، لندن

فلم کا ہیرو ہنٹ( ٹام کروز) غنڈوں سے بچنے کے لیےسینٹ پال کیتھیڈرل کی چھت سے چھلانگ مارتا ہے اور وہاں سے گزرنے والے جنازے میں گھل مل کر نظروں سے اوجھل ہوجاتا ہے۔ سینٹ پال کیتھیڈرل کا شمار لندن کی سب سے معروف اے گریڈ عمارات میں ہوتا ہے، جسے سترہویں صدی میں معروف ماہر تعمیرات سرکرسٹوفر رین نے ڈیزائن کیا۔ تاہم یہ عمارت 2ستمبر1666ء کو لندن کی عظیم آتش زدگی کی نذر ہوئی تو اس کی تعمیرِ نو کرتے ہوئے اسے کلاسک تعمیرات کا شاہکار بنادیا گیااور اب یہ لندن کی نمایاں پہچان بن چکی ہے۔

لیکھٹنسٹائن پیلس،پراگ

پراگ کےکمپا آئی لینڈ میں واقع سترہویں صدی کے اس محل کا بیرونی منظر مشن امپوسبل1996ء میں دکھایا گیا تھا۔اس محل کی تعمیرات کلاسیک دور سے تعلق رکھتی ہے۔اس محل کا فنِ تعمیرسولہویں صدی کے اسی بارونق انگلش اسٹائل سے مماثل ہے جو اس دور کا خاصا تھا۔ اس میں موجود کشادہ کھڑکیاں اس بات کی غماز ہیں کہ قدیم تعمیرات میں اس بات کا خاص خیال کیا جاتا کہ ہوا کے گزر میں کوئی بھی رکاوٹ پیش نہ آئے۔ اس محل سے شاہی خاندان کی شان و شوکت خوب جھلکتی ہے۔ یہ محل کئی بار تزئین و آرائش کے مراحل سے گزر چکا ہے۔

برج خلیفہ،دبئی

دنیا کی سب سے اونچی عمارت سے کودنے کا منظر ٹام کروز نےمشن امپوسبل گھوسٹ پروٹو کول(2011ء) میں فلمایا تھا۔

اپنی فنی خوبی کے باعث برج خلیفہ کا شمار دنیا کی آئیکونک بلڈنگز میں ہوتا ہے۔ برج خلیفہ، متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں واقع دنیا کی بلند ترین عمارت ہے، جس نے 4جنوری 2010ء کو تکمیل کے بعد تائیوان کی تائی پے 101 کو پیچھے چھوڑ دیا تھا۔ یہ اب تک کی سب سے بلند ترین عمارت ہے۔ اس عمارت کے افتتاح کے موقع پر اسے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زید النہیان کے نام سے موسوم کیا گیا۔ برج خلیفہ کی تعمیر کا آغاز21ستمبر 2004ء کو برج دبئی کے نام سے ہوا تھا۔ عمارت کے ماہر تعمیرات ایڈریان اسمتھ ہیں۔ برج خلیفہ کی کل بلندی 828میٹر ہے جبکہ اس کی کل منزلیں 162ہیں۔ اس طرح یہ دنیا میں سب سے زیادہ منزلوں کی حامل عمارت بھی ہے۔

تازہ ترین