• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم اور آرمی چیف کی افغانستان میں حملے کی مذمت

وزیر اعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے افغان صوبے قندھار میں ہونے والے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ افغان عوام اور سیکورٹی فورسز عدم استحکام کی بھاری قیمت ادا کر رہی ہیں اور مشکل کی اس گھڑی میں ہم افغان عوام کے دکھ کو محسوس کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کہ پاکستان کو بھی انتخابی عمل کے دوران اسی قسم کے حملوں کا سامنا کرنا پڑا۔

وزیراعظم نے کہا کہ خطے میں امن و ترقی کے لیے افغانستان میں امن ضروری ہے اور پاکستان دیرپا امن کی کوششوں میں افغان حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اپنے مذمتی بیان میں کہا کہ افغانستان میں امن خطے میں امن کے لیے ضروری ہے۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ افغان اور دیگر سیکیورٹی فورسز کو افغانستان میں تشدد کے خاتمے میں کامیاب دیکھنا چاہتے ہیں۔

خیال رہے کہ افغانستان کے صوبے قندھار کے گورنر کمپاؤنڈ میں فائرنگ کے نتیجے میں صوبائی پولیس چیف، خفیہ ایجنسی کے مقامی سربراہ اور ایک صحافی ہلاک اور گورنر قندھار شدید زخمی ہو گئے۔

پاکستانی دفتر خارجہ نے بھی افغانستان میں ہونے والے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی تھی۔

تازہ ترین