• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کے الیکٹرک کے حوالے سے ہونے والے انکشافات کا نوٹس لیا جائے ، رضا ہارون

پی ایس پی کے سیکریٹری جنرل رضا ہارون نےکراچی کےساتھ وفاقی و صوبائی حکومت کے متعصبانہ سلوک و رویے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی پاکستان کا معاشی، صنعتی، تجارتی و اقتصادی حب ہے لیکن انتہائی افسوس کی بات ہے کہ مسلسل نظر انداز ہونے کی وجہ سےگزشتہ تیس برسوں سے بالخصوص اور پاکستان بننے کےبعد سے بالعموم تباہ ہو کررہ گیا ہے۔

شہر میں پینے کا صاف پانی نہیں، گلیوں محلوں سے کچرا تک نہیں اٹھایا جا رہا، کراچی سے ووٹ لینے کےبعد موجودہ وفاقی اور صوبائی حکومت بھی زبانی جمع خرچ سے آگے نہیں بڑھ رہی۔ تشویشناک اطلاعات ہیں کہ کراچی کی پانی کی ضرورت پوری کرنے والے ’’کے فور‘‘ منصوبے کیلئے وفاق سے فنڈز ریلیز نہیں کئے جا رہے۔

انہوں نے کہا کہ وال اسٹریٹ جنرل نے ’کے الیکٹرک‘ سے متعلقہ سنگین نوعیت کے ہوشربا انکشافات کیے ہیں جس کے مطابق الابراج کے سی ای او عارف نقوی نے کے الیکٹرک کے شیئرز کو شنگھائی الیکٹرک کارپوریشن کو فروخت کرنے کی مد میں ایک خطیر رقم اس وقت کے حکمرانوں کوکمیشن کی مد میں آفر کی۔

ان الزامات کی فی الفور تحقیقات کی جائیں اور اس کا دائرہ وسیع کر کے کی ای ایس سی کے شیئرز کو الابراج کے ہاتھوں فروخت کی ابتداء سے لے کر آج تک تمام معاملا ت کا بغور جائزہ لیا جائے کہ کس طرح کراچی کے عوام کا خون چوسا گیا اور ان کے حق پر ڈاکہ ڈالا گیا ۔

انہوں نے حیرانگی کا اظہار کیا کہ موجودہ و سابقہ حکومتوں نے کبھی اس حوالہ سے انکوائری نہیں کی جبکہ ایک بین الاقوامی اخبار نے نہ صرف تحقیقات مکمل کیں بلکہ ثبوت کے ساتھ انہیں شائع بھی کر دیا ہے۔ یا تو سابقہ حکومتیں نااہل تھیں یا پھر اس کا الابراج اور کے الیکٹرک کے ساتھ مک مکا تھا۔

ایک جانب پورا شہر کے الیکٹرک کی ہٹ دھرمی اور ناقص کارردگی کے باعث غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا شکار ہے وہیں دوسری جانب ہوشربا بجلی کے بلوں نے متوسط اور غریب طبقے کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سابقہ اور موجودہ حکمرانوں کی مجرمانہ خاموشی اور کراچی شہر کے مسائل کے حل میں عدم دلچسپی سے شہر کا نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے۔

اچھی تو کیا کسی بھی طرح کی حکمرانی کرتا کوئی دکھائی نہیں دے رہا، شہر کے لوگ عام انتخابات کے بعد بھی اسی طرح لاوارث ہیں جیسے الیکشن سے پہلے تھے۔

انہوں نے صدر پاکستان، وزیراعظم پاکستان، وزیراعلی سندھ سے مطالبہ کیا کہ کراچی والوں کے غموں اور دکھوں کی فوری داد رسی کی جائے۔

اس شہر کی ترقی اور تعمیر کیلئے فی الفور اقدامات کئے جائیں۔ اس شہر کے حق پر ڈاکہ ڈالنے والے ’’کے الیکٹرک‘‘اور ’’کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ‘‘ میں بے قاعدگیوں کا نوٹس لے کر معصوم عوام کے مسائل حل کئے جائیں۔

تازہ ترین