• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سول اسپتال کراچی، خلاف ضابطہ ترقی اور خوردبرد کی شکایات، تحقیقات و کارروائی کی جائے، نیب

کراچی (بابر علی اعوان / اسٹاف رپورٹر) قومی احتساب بیورو (نیب ) نے سول اسپتال کراچی میں خلاف ضابطہ ترقی پانے والے اکاؤنٹنٹ ، ترقی کی راہ ہموار کرنے والے سیکشن آفیسر اور ترقی کی منسوخی کےباوجود اکاؤنٹس آفیسر تعینات رکھنے والی سول اسپتال کی انتظامیہ کے خلاف کاروائی کی ہدایت کی ہے ۔نیب کے ایڈیشنل ڈائریکٹر اسٹاف فار ڈی جی نے ایڈیشنل سیکریٹری صحت کو ہدایت کی ہے کہ انہیں ایک شکایتی خط موصول ہوا ہے جس میں خلاف ضابطہ ترقی ، تقرری اور خورد کی تفصیلات درج ہیں جس کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی کی جائے ۔ نیب نے 9اکتوبر کویہ ہدایت جاری کی جس کے ہمراہ شکایتی خط بھی منسلک کیا گیا ۔ درخواست گزار نے خط میں موقف اختیار کیا ہے کہ سول اسپتال کے اکاؤنٹنٹ مختیار احمد قریشی کو 11 سے 17 گریڈ میں خلاف ضابطہ ترقی دی گئی جس میں سیکشن آفیسر ایس او پی ایم ون محمد یونس اور سول اسپتال کی انتظامیہ نے معاونت کی ۔ سول اسپتال کراچی کا بجٹ 4 ارب سے زائد ہے اتنے کثیر بجٹ والے اسپتال میں ایک اکاؤنٹنٹ کو خلاف ضابطہ اتنی بڑی ترقی دی گئی جس نے شکوک وشہبات کو جنم دیا اور بعد میں مختیار احمد قریشی نے مبینہ طور پر مالی بدعنوانیاں اور خوردبھی کی اس لئے اس معاملے کی تحقیقات کرکے کاروائی کی جائے جبکہ ایڈیشنل چیف سیکریٹری کی جانب سے جب ترقی منسوخ کر دی گئی اس کے باوجود سول اسپتال کے سابق ایم ایس ڈاکٹر محمد توفیق چوہدری اور موجودہ ایم ایس ڈاکٹر صابر میمن نے مختیار احمد قریشی کو 17 گریڈ میں اکاؤنٹس آفیسر کا چارج دیئے رکھا اس کی بھی تحقیقات کی جائیں اور قانون کے مطابق کاروائی کی جائے ۔

تازہ ترین