• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہائر ایجوکیشن کمیشن کا اجلاس طویل عرصے بعد آج ہوگا

کراچی(اسٹاف رپورٹر) ہائر ایجوکیشن کمیشن کا اجلاس طویل عرصے بعد 19اور 20 اکتوبر کو ہوگا ۔ اس کمیشن میں نہ صرف تمام صوبوں کی نمائندگی ہے بلکہ چار خواتین ارکان بھی اس کمیشن کی ممبر ہیں ۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن ایک قومی ادارہ ہے جو کہ ملکی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے کوالٹی پیرا میٹرز اور ریسرچ ایجنڈا طے کرنے کے ساتھ ساتھ اعلی تعلیم تک رسائی بڑھانے کے لیے حکومت پاکستان کے شانہ بشانہ کام کرتا ہے۔ مزید براں یہ ادارہ وفاقی حکومت کے تعاون سے جامعات کو مالی معاونت کرتا ہے ۔ یہ کمیشن زیر التواء پالیسی معاملات کے بارے میں بحث و تمحیص کے ساتھ جامعات کو درپیش مالی مسائل کے حوالے سے بھی گفت و شنید کرے گا۔ اس کمیشن کی ملاقات میں سرقہ نویسی سے متعلق پالیسی کو مزید بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ چربہ سازی کے ہائی پروفائل کیسوں کے بارے میں بھی فیصلہ کیا جائے گا۔ اجلاس چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن، ڈاکٹر طارق بنوری کی سربراہی میں منعقدہوگا۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر، ہائر ایجوکیشن کمیشن، ڈاکٹر ارشد علی ، وائس چانسلر بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اینڈ مینجمنٹ سائنسز کے وائس چانسلر، انجینئر احمد فاروق بازئی ، یونیورسٹی آف بلوچستان کے وائس چانسلر ڈاکٹر جاوید اقبال،پریذیڈنٹ شہید ذوالفقار علی بھٹو انسٹی ٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، شہناز وزیر علی ، ڈین فیکلٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی، مہران یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ، ڈاکٹر بھوانی شنکر چوہدری، ریکٹر ورچوئل یونیورسٹی ، ڈاکٹر نوید اے ملک اور لمز کے ایسو سی ایٹ پروفیسر ، فیصل باری، ڈاکٹر ثانیہ نشتر ،سابق سرجن جنرل ، جی ایچ کیو ، راولپنڈی ، لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) آصف ممتاز سکھیرا اور صوبائی سطح کے اعلی افسران بھی شریک ہوں گے ۔

تازہ ترین