• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر اعظم کراچی کیلئے خصوصی ترقیاتی پیکیج کا اعلان کریں، میئر کراچی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ کراچی شہر میں کچی آبادیوں کے مسائل بہت زیادہ ہیں، لہٰذا وزیر اعظم پاکستان اس شہر کے لئے خصوصی ترقیاتی پیکیج کا اعلان کریں، امید ہے کہ وزیراعظم پاکستان کراچی کے مسائل کے حل پر خصوصی توجہ دیں گے،اتحاد ٹائون پرانی آباد ہے مگر یہاں ماضی میں توجہ نہ ہونے کے باعث بے شمار مسائل ہیں، ہم اپنے وسائل میں رہتے ہوئے کوشش کریں گے کہ آبادی کی دیگر سڑکوں کو بھی پختہ تعمیر کریں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلدیہ ٹائون کے علاقے اتحاد ٹائون کی نو تعمیر شدہ مرکزی سڑک کا افتتاح کرنے کے بعد بات چیت کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ضلع غربی کے چیئرمین اظہار احمد خان، پارلیمانی لیڈر اسلم شاہ آفریدی، ورکس کمیٹی کے چیئرمین حسن نقوی اور یوسی چیئرمین محمد رفیق سمیت منتخب نمائندے اور بلدیہ عظمیٰ کراچی کے دیگر افسران بھی موجود تھے، میئر کراچی نے کہا کہ 50فٹ چوڑی اور پونے دو کلو میٹر طویل اس سڑک کو بلدیہ عظمیٰ کراچی نے دو کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا ہے، انہوں نے کہا کہ 35سال بعد اس علاقے میں کوئی سڑک تعمیر کی گئی ہے جس سے یہاں کے مکینوں کو سہولت ملے گی، مگر مجھے افسوس ہے کہ کراچی جو سارے پاکستان کو مرکزی ریوینو فراہم کرنے والا شہر ہے وہاں کے شہری کس حالت میں زندگی گزار رہے ہیں، میئر کراچی نے کہا کہ اتحاد ٹائون میں صرف سڑکوں کی تعمیر کا ہی مسئلہ نہیں بلکہ تعلیم، صحت، سیوریج، پانی اور دیگر بنیادی شہری سہولیات کی بھی کمی ہے، میئر کراچی نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی اپنے وسائل کو مساوی بنیاد پر شہر کے ہر علاقے میں خرچ کررہی ہے تاہم اتحاد ٹائون کی اہمیت کے پیش نظر اس علاقے کی دیگر سڑکوں کو بھی تعمیر کرنے کی کوشش کی جائے گی اور اس سڑک پر اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب بھی جلد کردی جائے گی۔
تازہ ترین