• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان سرمایہ کاروں کیلئے بہت اہمیت رکھتا ہے، سلیمان مہدی

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)پاکستان میں قدرتی ذخائر بہت زیادہ ہیں۔ اس سے پاکستان نہ صرف مقامی بلکہ بیرونی سرمایہ کاروں کے لیے سرمایہ کاری کی بہت اہم منزل ہے۔یہ بات نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے آفیسرز اور فیکلٹی ارکان کو پاکستان اسٹاک ایکس چینج کے دورے کے موقع پر بریفنگ میں بتا ئی گئی ۔ وفد کوپاکستان کی معیشت اور پی ایس ایکس کی ورکنگ پربریفنگ دی گئی۔ان کو کارکردگی کو بہتر بنانے ،سرمایہ کاروں بنیادکو بڑھانے اور ریگولیٹری فریم ورک کو بہتر بنانے کے لیے کیئے گئے اقدامات کے متعلق بھی بریف کیا گیا۔این ڈی یو کے گروپ کے سربراہ بریگیڈ یئر (ریٹائرڈ) محمد ارشد تھے جبکہ پی ایس ایکس کے بورڈ کے چیئرمین ایس سلیمان مہدی اور بورڈ کے ممبر احمد چنائی پی ایس ایکس کی نمائندگی کر رہے تھے۔ ایس مہدی نے کہا کہ اس وقت پی ایس ایکس میں ڈھائی لاکھ چھوٹے سرمایہ کار ہیں۔اگر اس کو آبادی کے تناسب کے تناظر میں دیکھا جائے تو یہ علاقے کے دوسرے ممالک کے مقابلے میں بہت کم ہے۔تاہم پی ایس ایکس سرمایہ کاروں کی تعلیم اور آگائی کے لیے کئی اقدامات کر رہی ہے تاکہ سرمایہ کاروں کی بنیا د کو بڑھایا جائے۔اس کے علاوہ اسٹاک ایکسچینج پر نئی پروڈکٹس کو متعارف کرانے کی کوششیں کی جارہی ہیں تاکہ آبادی کے مختلف گروپس کی سرمایہ کاری کی ضروریات کو پوراکیا جا سکے۔انہو ں نے اس موقع پر پی ایس ایکس کے مختلف منصوبوں کے بارے میں بتایا جو کہ اس نے کیپیٹل مارکیٹ کی ترقی کے لیے کیئے ہیں۔آخر میں بریگیڈیئر (ریٹائرڈ) محمد ارشد نے پی ایس ایکس کے چیئرمین کا نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کی ٹیم کو تفصیلی بریفنگ دینے پرشکریہ ادا کیا۔

تازہ ترین