• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیاسی ڈائری،حکومت 3ماہ کے باوجود مخالفین کو مطعون کرنے پر مامور

اسلام آباد(محمد صالح ظافر/خصوصی تجزیہ نگار) پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کو اقتدار سے سبکدوش ہوئے ایک سال اڑھائی مہینے ہوچکے جبکہ جولائی 2018 کے عام انتخابات بھی کم و بیش پونے تین ماہ قبل ہوئے جن کے نتیجے میں تحریک انصاف کو اقتدار تفویض کردیاگیا تھا لیکن بد قسمتی سے ایک ہی جماعت کی حکومت ہونے کے باوجود اس کے ذمہ دار افراد ایک دوسرے سے مختلف اوربسا اوقات متضاد باتیں کئے جارہے ہیں یہی نہیں حکومت کا بہت بڑا حصہ مخالفین کو مطعون کرنے پر مامور ہے۔ ان لوگوں کا استدلال ہے کہ ملک کو اس وقت جس قدر مشکلات اور عوام کو جس قدر تکالیف کا سامنا ہے اس کی تمام تر ذمہ داری ماضی کے حکمرانوں اور بالخصوص پاکستان مسلم لیگ نون کی انتظامیہ کی بے تدبیری پر عائد ہوتی ہے جس نے چار سو تباہی پھیلا دی تھی۔ اندیشہ ہے کہ جب آٹھ دس مہینے گزرجائیں گے تو یہی حکمران اپنے ناکام رہنے کی نئی تاویلیں لےکر سامنے آجائیں گے اور ممکن ہے کہ وہ کہنا شروع کردیں کہ مخالفین نے انہیں کرنے کچھ نہیں دیا یہی وجہ ہے کہ حزب اختلاف شائستگی اور درگزر سے کام لیتے ہوئے حکومت اور حکمرانوں کو وہ سب کچھ کردینے کا موقع فراہم کررہی ہے۔ اقوام متحدہ کے سربراہی اجلاس سے اجتناب برتنے والے وزیراعظم عمران خان جہاں 133 ممالک کے سربراہان حکومت و ریاست نے شرکت کی یہ کہہ کرانکار کردیتے ہیں کہ ان عالمی رہنماوں کو بتانے کے لئے پاکستان کے حوالے سے ان کے پاس کچھ نہیں اب وہی عمران خان سعودی عرب کے دوسرے دورے پر سرمایہ کاری کی کانفرنس میں شرکت کےلئے مجبور ہورہے ہیں۔
تازہ ترین