• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایگزیکٹ کیس ،شعیب شیخ کی سزا معطلی کی درخواست پر ایف آئی اے اور وفاق کو نوٹس

اسلام آباد (خبر نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ نے عالمی سطح پر پاکستان کی بدنامی کا باعث بننے والے ایگزیکٹ جعلی ڈگری سکینڈل کیس میں کمپنی کے سی ای او شعیب شیخ کی سزا معطلی کی درخواست پر ایف آئی اے اور وفاق کو نوٹس جاری کر دیا ہے۔ مزید سماعت آئندہ ہفتے ہو گی۔ شعیب شیخ کی جانب سے سزا معطلی کی متفرق درخواست کی سماعت گزشتہ روز عدالت عالیہ کے جسٹس اطہر من اللہ نے کی۔ درخواست گزار کے وکیل رضوان عباسی نے موقف اپنایا کہ ٹرائل کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل پہلے ہی زیر سماعت ہے لہٰذا اپیل کے فیصلے تک ماتحت عدالت کی جانب سے سنائی گئی سزا کو معطل کر کے انہیں ضمانت پر رہا کیا جائے۔ واضح رہے کہ اسلام آباد کی مقامی عدالت نے 5 جولائی 2018ءکو عالمی سطح پر پاکستان کی بدنامی کا باعث بننے والے جعلی ڈگری اسکینڈل میں ایگزیکٹ کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے شعیب شیخ سمیت 23 ملزمان کو قید و جرمانے کی سزائیں سنائی تھیں۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے گرفتاری کے بغیر سزا یافتہ مجرمان کی اپیلیں سننے سے انکار کر دیا تھا۔ بعد ازاں 25 ستمبر کو شعیب شیخ کی گرفتاری عمل میں لائی گئی جس پر فاضل عدالت نے ان کی اپیل سماعت کے لئے منظور کر لی تھی جو ابھی زیر التواءہے۔
تازہ ترین