• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان نے آسٹریلیا کیخلاف ٹیسٹ سیریز جیت لی


پاکستان نے  ابوظہبی ٹیسٹ میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلیا کو 373 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر میچ اور سیریز ایک صفر سے اپنے نام کرلی۔

ابوظہبی ٹیسٹ میں قومی ٹیم کی پوزیشن پہلے دن سے ہی مستحکم نظر آئی اور محمد عباس کی شانداد بولنگ کی بندولت اس نے آسٹریلیا کو آؤٹ کلاس کردیا۔

دوسری اننگ میں آسٹریلیا کی پوری ٹیم 49 اعشاریہ 4 اوور میں 164 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔

عباس نے پہلی اور دوسری اننگ میں 5،5 وکٹیں حاصل کرکے ٹیسٹ میں مجموعی طور پر اپنی 10 وکٹیں مکمل کیں اور مین آف دی میچ کے ساتھ ساتھ مین آف دی سیریز کا بھی اعزاز اپنے نام کیا۔

گزشتہ روز آسٹریلیا نے پاکستان کی جانب سے جیت کیلئے دیئے گئے 538 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ایک وکٹ کے نقصان پر 47 رنز بنائے تھے۔

کھیل کے چوتھے روز ایرون فنچ 24 اور ٹریوس ہیڈ نے 17 رنز سے نامکمل اننگز کا آغاز کیا تو محمد عباس نے 36 رنز بنانے والے ٹریوس ہیڈ اور ان کے بعد آنے والے مارش کو 5 رنز بنانے کے بعد پویلین بھیج دیا۔

لیگ اسپنر یاسر شاہ نے  28 رنز پر کھیل رہے مچل اسٹارک اور 3 رنز بنانے والے پیٹر سڈل کی وکٹ حاصل کی۔

آسٹریلیا کی آٹھویں وکٹ عباس کے حصے میں آئی جب انہوں نے 43 رنز پر کھیل رہے سیٹ بیٹسمین لیبز چینج کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔

اس کے بعد عباس نے آسٹریلوی قائد ایرون فنچ کو 31 اور ٹم پین کو صفر کے اسکور پر پویلین کی راہ دکھا کر دوسری اننگ میں بھی اپنی 5 وکٹیں مکمل کیں۔

آسٹریلیا کی نویں وکٹ یاسر شاہ نے حاصل کی، اننگ میں انہوں نے مجموعی طور پر 45 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

آسٹریلیا کے عثمان خواجہ انجری کے باعث بیٹنگ کے لیے نہیں آسکے۔ 

واضح رہے کہ گزشتہ روز قومی ٹیم نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 400 رنز بنانے کے بعد اننگز ڈکلیئر کر دی تھی جس کے بعد آسٹریلیا کو جیت کے لیے 538 رنز کا ہدف دیا۔

ٹیسٹ کی پہلی اننگ میں پاکستان نے فخر زمان اور سرفراز احمد کے 94، 94 رنز کی اننگز کی بدولت 282 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں آسٹریلین ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 145 رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی اور اس طرح ان کا پہلی اننگز کا خسارہ 137 ہو گیا تھا۔

تازہ ترین