• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’12ووٹ چوری کرنے والا اسپیکر بنا ہوا ہے‘‘

پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اورمسلم لیگ نون کے رہنما حمزہ شہباز اسپیکر پرویز الہٰی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ ایسے شخص اسپیکر کی کرسی پربراجمان ہیں جنہوں نے 12ووٹ چوری کیے۔

اسمبلی کے باہر احتجاج کرنے والے ارکان سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پرویز الٰہی نے کہا تھا کہ پرویز مشرف کو 10 بار وردی میں منتخب کریں گے۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ اسپیکر پرویز الٰہی نے خواتین کے لیے بھی توہین آمیز لفظ استعمال کیا، ان کا لب و لہجہ اسپیکر سے زیادہ تھانیدار کا لگتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عام انتخابات کی رات ہی الیکشن میں دھاندلی پر تحفظات کا اظہار کیا تھا، تمام دھاندلی کے باوجود نتائج کو قبول کیا۔

حمزہ شہباز نے یہ بھی کہا کہ رنگ روڈ کی الائمنٹ کو تبدیل کیا گیا تاکہ زمین پر قبضہ کیا جائے، ثابت ہوا کہ انہوں نے پنجاب بینک اور رنگ روڈ کی الائمنٹ پر ڈاکہ ڈالا۔

واضح رہے کہ پنجاب اسمبلی کے بجٹ سیشن میں 6نون لیگی ارکان کے ایوان میں داخلے پر پابندی کے خلاف مسلم لیگ نون نے احتجاج کیا اور اسمبلی کے باہر سیڑھیوں پر دھرنا دیا۔

احتجاج کےدوران مظاہرین میں شامل نون لیگ کی خاتون ایم پی اے بے ہوش ہوگئیں جنہیں اس دوران طبی امداد دی گئی۔

اپوزیشن ارکان کے بغیر اسمبلی کا اجلاس شروع ہوا تاہم کورم پورا نہ ہونے کے باعث اسے پیر کی دوپہر دو بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔

مسلم لیگ ن کے طاہر جمیل نے کورم کی نشاندہی کی تھی۔

ادھر وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ حمزہ شہباز ایک بار پھر قوم کو دھوکا دے کر گئے ہیں، ویڈیوز میں واضح ہے کہ اسمبلی میں کس طرح بدترین توڑ پھوڑ کی گئی۔

تازہ ترین