• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر شیخ نے شہر کے مختلف علاقوں اور تھانوں کے اچانک دوروں کا سلسلہ پھر شروع کر دیا ہے۔ آج اچانک کی گئی کارروائی کے دوران ایک ایس ایچ او سمیت 16 پولیس ملازمین کو نقد انعامات دیے جبکہ بدانتظامی پر ٹریفک سیکشن افسر اور تھانے کے ہیڈ محرر کو معطل کردیا۔

کراچی پولیس کے ترجمان عادل رشید کے مطابق ڈاکٹر امیر شیخ صبح سویرے سہراب گوٹھ تھانے پہنچے، جہاں لاک اپ میں قید ملزمان کی شکایات سنیں اور اپنے خرچ پر تمام ملزمان کو ناشتہ کرایا۔

سی سی پی او نے باوردی درست اور چوکس ڈیوٹی کرنے پر سہراب گوٹھ تھانے کے سنتری اور منشی سمیت 4 اہلکاروں کو انعامات دیئے۔ تھانہ سہراب گوٹھ کی بالائی منزل پر بیرک کی صفائی نہ ہونے پر ہیڈ محرر تھانہ سہراب گوٹھ کو معطل کرنے کا حکم دیا۔

سپر ہائی وے پر’ون وے‘ کی خلاف ورزی روکنے کیلئے ٹریفک پولیس موجود نہ تھی، اس کے قریب ہی دوسرے مقام پر 5 ٹریفک اہلکار ایک ساتھ چوکس موجود تھےجس پر ایڈیشنل آئی جی برہم ہوئے اور بدانتظامی اور’ون وے‘ کی خلاف ورزی روکنے میں ناکامی پر ٹریفک پولیس کے سیکشن افسر گلزار ہجری کو معطل کردیا۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر شیخ نے شاہراہ پاکستان پر یوسف پلازہ تھانے کی گشت پر موجود پولیس موبائل کے باوردی درست اہلکاروں کو نقد انعامات دیئے۔

کراچی پولیس چیف ڈاکٹر امیر شیخ جمشید کوارٹر تھانے پہنچے، رپورٹنگ روم کی لائٹس بند ہونے پر برہمی، لاک اپ میں ملزم سے پوچھ گچھ کی۔

اچھی کارکردگی اور باوردی درست ہونے پر پولیس ملازمان، ایس ایچ او جمشید کوارٹر رضوان پٹیل اور مددگار 15 کے اہلکاروں کو نقد انعامات دیئے۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی نے کراچی پولیس کا نظام اور پولیس کے رویوں کو تبدیل کرنے کے لئے لائحہعمل کے تحت اپنے عہدے کا چارج لینے کے بعد سے تھانوں کے اچانک دوروں کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔

تازہ ترین