• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان میں اوورسیز کیلئے سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں، مقررین

لندن (ودود مشتاق) پاکستان میں امن و امان کی صورتحال اور توانائی کے شعبے میں بہتری اور سرمایہ کاری کے لئے نئےحکومتی اقدامات کے باعث پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، جس سے برٹش پاکستانیوں کو فائدہ اٹھانا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار مقررین لندن میں یوکے پاکستان چیمرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کی طرف سے پاکستان فیڈرل چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے وفد کے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پاکستان ہائی کمیشن میں متعین کمرشل کونسلر ساجد محمود راجہ نے کہا کہ پاکستان سے آنے والے وفد کی برٹش چیمبرز آف کامرس کے ساتھ یادداشت کے سمجھوتے ایک بڑی کامیابی ہے، اس طرح کے معاہدوں کے ذریعے پاکستان اور برطانیہ کے مابین تجارتی تعلقات میں اضافہ ہوا ہے۔ پاکستان فیڈرل چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے نائب صدر عرفان یوسف نے کہا کہ پاکستان میں امن امان کی صورتِ حال بہتر ہوچکی ہے ، بجلی، گیس اور توانائی کے دیگر شعبوں میں بہتری آئی ہے، نئی حکومتِ پاکستان سرمایہ کاری کےلئے کئی مراعات کا اعلان بھی کر رہی ہے جس سے اوورسیز پاکستانیوں کو فائدہ اٹھاتے ہوئے پاکستان میں سرمایہ کاری کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ گوار، سی پیک، ٹیکسٹائل، لیدر مصنوعات سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ یوکے پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے صدر کامران خان نے کہا کہ بریگزٹ کے بعد پاکستان سے برطانیہ کی امپورٹ میں اضافے کی توقع ہے جس کے لئے پاکستانی کمیونٹی کو فائدہ اٹھانا چاہئے۔ آئی ٹی سمیت کئی ایسے شعبے ہیں جہاں سرمایہ کاری کی جائے تو پاکستان ترقی کی مانزل جلد طے کرسکتا ہے۔ یوکے پی سی سی آئی کے سابق صدر حاجی صدیق نے کہا کہ پاکستان سے جو وفود آرہے ہیں انہیں بریگزٹ کے بعد کی صورتِ حال سے آگا کیا جا رہا ہے تاکہ وہ بروقت بہتر فیصلے کر سکیں۔ اس موقع پر پاکستان میں امن و امان کی صورتِ حال اور توانائی کے شعبے میں ترقی پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔
تازہ ترین