• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جادوکی چھڑی نہیں ، سب کو ایک ساتھ نوکریاں دیں، خیبر پختونخواحکومت

پشاور(نمائندہ جنگ) خیبر پختونخوا کے وزیر بلدیات شہرام خان ترکئی نے کہاہے کہ ہمارے پاس کوئی جادو کی چھڑی نہیں کہ ایک ساتھ سب کو نوکریاں دیں، اگرتحریک انصاف کی کارکردگی بہتر نہ ہوتی تو عوام ہمیں دوبارہ دوتہائی اکثریت دیتے ہوئے ایوان میں کیوں بھیجتی؟کسی سے بھی ظلم نہیں ہوگا،اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلیں گے ،صحت انصاف کارڈ کا اجرا ہم نے کیا، سوات موٹروے جنوری میں مکمل ہوگا جبکہ چشمہ کنال کیلئے چینی کمپنی کیساتھ مذاکرات جاری،، ہم نے اپنے بڑوں کے ناموں پر تعلیمی ادارے بناکر نوکریاں نہیں بیچیں، بجٹ عوام دوست ہے کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا، صوبائی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بجٹ میں جو اچھے اقدامات ہیں وہ وقت ثابت کرے گا،ہمیں 90فیصد بجٹ مرکز سے ملتاہے اور ہم نے مرکز سے اے جی این قاضی فارمولے کے مطابق سو ارب روپے لینے ہیں،ہم کسی کو اپنا حق نہیں چھوڑ سکتے ۔انہوں نے کہا کہ 2002-03ء میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کا حجم 11ارب،2007-08ء میں22ارب ،2012-13ء میں88ارب،گزشتہ سال208ارب اور اس سال کے لیے180ارب ہے،ہم صوبہ کے اپنے وسائل میں اضافے کے لیے کوشاں ہیں جو2002-03ء میں 4.2ارب تھے،2007-08ء میں7 ارب ، 2012-13ء میں12ارب اوراس سال کے لیے31 ارب ہیں جس میں250فیصداضافہ ہواہے۔انہوںنے کہا کہ ہم عوام پر ٹیکس لگائے بغیر شعبوں میں کام کرتے ہوئے آمدنی بڑھانا چاہتے ہیں،ہم نے ہی چھ ارب روپے بجلی منافع کو 29ارب پر پہنچوایاہے،صحت انصاف کارڈز کا اجراء کیا جو اب پنجاب میں بھی شروع کیے جارہے ہیں اور یہ ہماری حکومت کا میگا پراجیکٹ تھا جس میں اب مزید 8لاکھ خاندانوں کو شامل کیاجارہاہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم کنٹینر پر اپنا حق لینے چڑھے تھے جہاں تک مرکز کی بات ہے تو گزشتہ دور میں مرکزنے ہم سے کیاگیاکوئی بھی وعدہ پورا نہیں کیا نہ ہی برن ہسپتال دیاگیا اور نہ ہی چلڈرن ہسپتال کے لیے فندز،بی آرٹی کی وجہ سے پشاورمیں لوگوں کو تکلیف ہے لیکن ہم چاہتے ہیں کہ اتنا بڑا منصوبہ ہے جس کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے ۔
تازہ ترین