افغانستان میں پارلیمانی انتخابات کے لیے آج ووٹ ڈالے جا رہے ہیں، ووٹنگ مقامی وقت کےمطابق شام 4 بجے تک جاری رہے گی۔
افغانستان میں آج پارلیمانی انتخابات کےسلسلے میں ملک بھر کے 21ہزار پولنگ اسٹیشنز میں 90 لاکھ سے زائد رجسٹرڈ ووٹر حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں۔
افغان صدراشرف غنی اور چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ نے کابل میں ووٹ ڈالا۔
ووٹ ڈالنے کے لیے آنے والے افغان صدر اشرف غنی کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ انتخابی عمل میں تاحال کوئی رکاوٹ پیش نہیں آ رہی ہے۔
انہوں نے افغان عوام سے کہا کہ وہ لازمی اپنا حق رائے دہی استعمال کریں۔
دوسری جانب افغان خواتین بھی بڑی تعداد میں ووٹ ڈالنے کے لیے پولنگ اسٹیشنز کا رخ کر رہی ہیں۔
افغان صوبے قندھار میں حملے کے سبب اور غزنی میں سیکیورٹی معاملات اور انتخابی حلقوں کی تعدادکم کرنے کے حوالے سے عدم معاہدے کےسبب انتخابات مؤخر کردیئے گئے ہیں۔