• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امیتابھ کسانوں کو خودکشی کرنے سے بچائیں گے

بالی ووڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن نے ریاست اترپردیش سے تعلق رکھنے والے 850 کسانوں کا قرضہاتارنے کا اعلان کیا ہے۔

بھارت میں عام طور پر کسان بیجوں اور زرعی آلات یا اپنی بیٹیوں کی شادی کے لیے بینکوں یا ساہو کاروں سے قرضے حاصل کرتے ہیں لیکن فصلوں کے خراب ہونے کی وجہ سے وہ اپنا قرضہ بروقت چکانے میں ناکام رہتے ہیں جس کی وجہ سے وہ ذہنی دباؤ اور نفسیاتی مسائل کا شکار ہو جاتے ہیں، اکثر وہ بینکوں اور ساہوکاروں کے ہاتھوں ذلت برداشت کرنے کی بجائے اپنی زندگیوں ہی کا خاتمہ کر لیتے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق76 سالہ میگا اسٹار امیتابھ بچن اس سے قبل بھی ساڑھے تین سو کسانوں کا قرضہ اتار چکے ہیں اور اب حال ہی میں ایک بلاگ کے ذریعے انہوں نے ساڑھےآٹھ سو کسانوں کا ساڑھے پانچ کروڑ کا قرضہ اتارنے کا اعلان کیا ہے۔

انہوں نے اپنے بلاگ میں لکھا کہ اپنی دولت سے ان لوگوں کی مدد کرنا سب سے اطمینان بخش تجربہ ہے جو ہمارے لیے اپنی زندگی قربان کرتے ہیں۔کسانوں کے تقریباً 44 خاندان مہاراشٹر کے چھوٹے چھوٹے قصبوں میں رہائش پزیر ہیں ۔انہوں نے کسانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے دوسرے حصوں میں موجود کسانوں کے لئے بھی کچھ کرنے کی ضرورت ہے اور یہ لازمی کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید لکھا کہ کچھ دن قبل 350 کسانوں کے قرضے چکا کر ،ان کو خودکشی سے روک کر ان کی زندگیاں بچائی گئیں۔

اداکار نے اجیت سنگھ نامی شخص کی مدد کرنے کا بھی اعلان کیا ہے جس نے بھارت کے مشہور رئیلٹی شو ’کون بنے گا کروڑ پتی ‘ میں شرکت کی تھی۔

تازہ ترین