• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کیتھرین زیٹا جونزکا شمار ہالی ووڈ کی ان باصلاحیت اداکاراؤں میں ہوتا ہے، جنہوں نے مختصر مدت میں اپنا فنی لوہا منوایا۔ وہ نہ صرف اداکارہ بلکہ انٹیریئر ڈیزائنر بھی ہیں، جس کی ایک جھلک آپ ان کےنئے نیویارک سٹی اپارٹمنٹ کی سجاوٹ میں دیکھ سکتے ہیں۔ خوبصورتی و نفاست کا احساس رکھنے والی کیتھرین کو باغبانی کابھی شوق ہے۔اس نئے گھر کا نام انہوں نے’’کاسا زیٹا جونز‘‘ رکھا ہے،جو انہوں نے ایک سال قبل خریدا تھا اور وہ یہاں اپنےاداکارشوہر مائیکل ڈوگلس کے ساتھ رہائش پذیر ہیں۔ یہ ہالی ووڈ کی سب سے معروف جوڑی ہے۔ ان کی اداکاری اور لائف اسٹائل کے سبھی دیوانے ہیں۔ اپنے نئے اپارٹمنٹ’’ کاسا زیٹا جونس ‘‘کا انٹیریئر ڈیزائن انھوں نے بڑی والہانہ شگفتگی سے کیا ہے،جس کی تصاویر انھوں نے اپنے انسٹا گرام پر شیئر کی تھیں۔ اداکارہ کا یہ ایک ہی گھر نہیں ہے بلکہ ان کے پانچ گھر ہیں، جہاں وہ اپنےخاوند اور بچوں کے ساتھ زندگی کا بھرپور لطف لیتی ہیں۔ ان میں سے چار بیڈ رومز پر مشتمل ایک گھر برمودا میں ہے،دوسرا آشیانہ سینٹرل پارک کے نزدیک نیویارک سٹی میں واقع ہے۔

گھر کی انٹیریئر ڈیزائننگ

کیتھرین زیٹا جونز کو اپنی اداکاری کے جوہر دکھاتے ہوئے توتقریباً تین دہائی کا عرصہ گزر چکا ہے ،لیکن انٹیریئر ڈیزائنر کے طور پر گھر کی آرائش کے شعبے میں وہ نو وارد ہیں۔ تاہم جمالیاتی احساس گھر کی سجاوٹ میں خوب جھلکتا ہے،جسے دیکھ کر آپ داد دئیے بنا نہیں رہ سکتے۔ انہوں نے اس شعبے میں اپنے کیریئر کاآغاز گھر میں بنائے جانے والے ڈیکوریشن پیسز سے کیا،جس کی تشہیر وہ سوشل میڈیا پر بھی کرتی رہتی ہیں۔ نیویارک سٹی ہوم کی انٹیریئرڈیکوریشن،ان کی ڈیزائننگ کی فنی صلاحیت کو عیاں کرتی ہے۔ فرنیچر بھی خوب سجایا ہے اور بیٹھک میں کینڈل لائٹ کی دھیمی روشنی کا اہتمام بھی بہت اچھے انداز میں کیا ہے۔ یہ کیتھرین کے اعلیٰ جمالیاتی ذوق کی جیتی جاگتی تصویر ہیں۔ یہیں آپ کو دیواریں فن پاروں سے سجی نظر آئیں گی۔ کیتھرین کا کہنا،’’ رنگوں کے خوبصورت استعمال سے آپ ماحول کو دلکش بنا سکتے ہیں‘‘۔ اس کا کھلا اظہار دیوار پر آویزاں ژوانگ ہونگ لی کی تصویر سے ہوتا ہے،جو اس بات کی جانب بھی اشارہ ہے کہ وہ مصوری سے کتنا لگاؤ رکھتی ہیں۔ اپارٹمنٹ کے ہال کے آخر میںجس سلیقے سے گھڑی اور کتابیں سجائی گئی ہیں،وہ دیکھنے والوں کو کیتھرین کی کتاب دوستی کا پتہ دیتی ہیں۔ چیزوں کی سادہ مگر پروقارترتیب کیتھرین کوبہت لبھاتی ہے، جسے وہ قدامت و جدت کا حسین امتزاج کہتی ہیں۔ کیتھرین کی ڈریسنگ ٹیبل دیکھ کر آپ کو یہ گمان ہی نہیں ہوگا کہ یہ کسی اداکارہ کا گھر ہے۔ اس طرح کی سجاوٹ سے ان کے اندر کا نفیس پن صاف جھلکتا ہے۔

کیتھرین زیٹاجونز کے عشق کی انتہا صرف گھر کی آرائش و زیبائش،مصوری کے فن پارے سجانے اور باغبانی تک محدود نہیں ہے بلکہ انہیں نوادرات جمع کرنے، انہیں سلیقے کے ساتھ رکھنے اور بنانے کا شوق بھی ہے۔ اتنا ہی نہیں،

اداکارہ نےاس موسم خزاں میں اپنے ڈیزائن بھی متعارف کرائے ہیں،جن کی ابتدائی جھلک ان کے انسٹا گرام پر ملاحظہ کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے باورچی خانے کی جو تصویر جاری کی ہے،اس میں لکڑی کے کام کی نفاست و زیبائش دیکھنے سے تعلق رکھتی ہے۔ وہاں رکھے ان کےگلدان کے ڈیزائن کو بھی کافی سراہا گیا، اس کے ذریعے انہوں نے یہ بتادیا ہے کہ ان کی روح ’’نشاۃ ثانیہ روم‘‘‘ میں بھٹک رہی ہے۔ نوادرات میں قدامت کا سرمئی رنگ من بھاتا ہے۔ سرمئی بادلوں کا رنگ رات کی چاندنی میں گھل جائے تو جو سماں بندھتا ہے ،وہ ہی ان کی ڈیکوریشن کا نمایاں رنگ ہے۔ وہ اپنے ماضی و حال سے جڑے رہنا پسند کرتی ہیں۔ ٹائلز کو بھی انہوں نے اسی رنگ سے سجایا ہے۔ کتھئی، سرمئی اور سفید و سیاہ رنگت کی جادوئی تاثیر کی وہ قائل ہیں۔ سلور کے نادر مجسمے اس تاثر کو گہرا کرتے ہیں۔ زیٹا نے مجسموں کا استعمال کمال انداز سے کیا ہے۔ اس لائف اسٹائل برانڈ کی جھلک آپ کو ان کے دفتر میں بھی دکھائی دے گی، جودلکش فرنیچر،مصوری و مجسموں اور کتابوں کے تیکھے اور مدھم رنگوں سے اس طرح سجا ہوا ہے کہ دفتر میں بھی گھر کا سا ماحول لگتا ہے۔یہاں آپ کومجسمے کے ساتھ نیلسن منڈیلا اور کوفی عنان کی کتب اور صبح کی ابھرتی روشنی کا سایہ ماحول کو باوقار بنا دیتا ہے۔

انٹیریئر ڈیزائننگ کا کمال آپ کو زیٹا کے نئے گھر کی ہوم ویئر کلیکشن میں نمایاں دکھائی دے گا۔ اس کلیکشن میں بیڈ کور سے لے کر قالین تک ہر چیز شامل ہے، جس میں زیٹا کا اسٹائل جھلکتا ہے۔ یہ ویلش ثقافت اور ہالی ووڈ کے پرانے اسٹائل کا بہترین امتزاج ہے۔ 

کیتھرین کہتی ہیں کہ یہ وہ پروجیکٹ تھا، جس پر وہ برسوں سے کام کررہی تھیں۔ گھر کی اندرونی آرائش اس لیے بھی ضروری ہے کہ وہ اہلِ خانہ کے ذوق کی عکاسی کرتا ہے۔ ان کے کچن، بیڈروم اور پھولوں کے گلدستوں کی جو تصاویر شیئر کی گئی ہیں، ان میں ویلش اداکارہ کا اپنے مقام پیدائش اور مقام کیریئر و شہرت کا رنگ دکھائی دیتا ہے۔

باغبانی

بات آرائش و زیبائش کی ہو لیکن پھول پھلواری کا ذکر نہ ہو !یہ تو ممکن ہی نہیں۔ کیتھرین زیٹاجونز نے انٹیریئر ڈیزائنر بننے کے ساتھ ہی گھر کے صحن کو باغ بنانے ڈالا، یوں جانیے کہ انہوں نے اپنا ’’باغِ عدن ‘‘بنایا ہے۔ گلابی پتوں سے لدا بڑا درخت دیکھنے والوں کا من موہ لیتا ہے۔ اسی کے ساتھ سفید پھولوں کی قطار راہداری کے راستے کوپھولوں سے مزین کرتی ہے۔ گھر کےصحن میں موجود یہ باغ آنے والے دنوں میں جب مکمل شباب پر آئے گا توخوبصورتی و زیبائش کے لحاظ سے واقعی باغِ عدن سا روپ دے گا۔اس بارے میں مسکراتے ہوئے زیٹا کہتی ہیں،’’ابھی تو ابتدائے عشق ہے!آگے آگے دیکھیے ہوتا ہے کیا؟‘‘گلابی،سفید اور سبز رنگوں سے سجے یہ درخت زیٹا کے پسندیدہ رنگوں کی بھی نشاندہی کرتے ہیں۔

تازہ ترین