• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مینڈی مورصرف15 سال کی عمرمیں اپنے ڈیبیو گانے ’’کینڈی ‘‘ سے مشہور ہوئی ۔ این بی سی کا مشہور فیملی ڈرامہ "This Is Us"بھی اس کے کریڈٹ پر ہے۔18سال کی عمر میںاس کی پہلی مشہور فلم بیسٹ سیلنگ ناول پر مبنی ’’ اے واک ٹو ریممبر (2002ء) تھی ۔ اسی سال مینڈی نے3,551اسکوائر فٹ رقبے پر5کمروں پر مشتمل ایک میڈیٹیریئن اسٹائل گھر لاس اینجلس میں خریدا۔ یہاں وہ پچھلے15سال سے رہائش پزیر ہے اوراب تک اس میں کئی تبدیلیاں لاچکی ہے۔ اپنے گھر میں جو تحفظ ملتاہے ، مینڈی اس سے بہت خوش ہے۔

زندگی کی کئی بہاریں دیکھنے کے بعد بھی مینڈی اور کیمرے کاساتھ نہیں چھوٹا ہے ۔ ٹینگلڈ فلم کی ہیروئن روپنزل کی آواز نکالنے والی مینڈی مور ابھی ایک سیریز کے تیسرے سیزن کی شوٹنگ سے فارغ ہوئی ہےاور اپنے منگیتر ٹیلر گولڈ اسمتھ کی منتظرہے کہ وہ جلد از جلد اسے اپنالے۔جس گھر کا ذکر ہم کررہے ہیں، وہ مینڈی نے اپنے منگیتر اور اس کے دو پالتو کتوںجونی اور جیکسن کیلئے سیٹ کیا ہے۔ وہ ایک پرفارمرکے علاوہ ایک خاتون خانہ کی حیثیت سے یہاں زندگی گزارنے کی خواہشمند ہے۔

یہاں آپ بھی آئیں گے تو گھر کی آسائشیں دیکھ کر مبہوت رہ جائیں گے ۔ یہاں ایک شاند ار پول ہے ، ہرے بھرے صحن ہیں اوربہترین سازو سامان سے سجا یہ گھر دراصل وسط صدی یعنی پچاس سال پہلےکے اسٹرکچر کو سامنے لاتاہے۔ دراصل مینڈی نے گھر کی اصل ہیئت کو نہیں چھیڑا، وہ بس ا س میں نئے زمانے کی ڈیزائننگ کرتی جارہی ہے۔ بھئی زمانہ ہی ڈیجیٹل ہے تو مینڈی کیوں اس سے اپنےگھر کو مبّرا رکھ سکتی ہے۔

1950ءکے تعمیراتی ٹرینڈ کو اجاگر کرتا 2.6ملین ڈالر مالیت کا یہ آشیانہ ایک کامیاب سیلیبرٹی کے شایان شان تونہیں لگتالیکن مینڈی نے اسے پرُ شکوہ بنادیا ہے (جے زی اور بیونسے جیسی سیلیبرٹیز تو 80ملین ڈالرسے کم کا کوئی گھر خریدتی ہی نہیں ہیں)۔ اس کا مطلب یہ نہیں کہ اگر گھر کم قیمت ہےتو اس کی کوئی وقعت نہیں،،جبکہ حقیقت یہی ہے کہ مینڈی نے پاساڈینا کیلی فورنیا کے گھرکو اپنی ریاضت اور محنت سے انمول بنا دیاہے۔

1950ء میں آرکیٹیکٹ ہرلوڈ زوک کے ڈیز ائن کردہ اس گھر میں تین بیڈ رومز ، تین باتھ روم اور ایک ہوم آفس ہے۔اس گھر میں بڑی بڑی کھڑکیاں آپ کو جابجا نظر آئیں گی۔ بڑے بیڈ روم میں ایک واک ان کلوزٹ اور ایک اسپا نما باتھ روم ہے۔غرض یہاں ہر چیز موجودہے ، اس کا ہرے رنگ کا ہیڈ بورڈ مخملی ہے، سلائڈنگ گلاس ڈور سےقدر تی روشنی در آتی ہےاور نیلے پانی سے بھرا سوئمنگ پول نظر آتا ہے ۔ لیکن مینڈی یہاں روزانہ نہیں سوتی ، مبادا کہیں بور نہ ہوجائے ۔

سامنے کے کمرے میںمخملی بازوئوں والی کرسیاں اور ایک بینچ ہے،، جسے گلابی سنہری کوک ٹیل ٹیبلوں نے گھیر رکھاہے ۔فلور لیمپ کےساتھ گلابی رنگ کا قالین رکھا ہے۔ بیک یارڈ میں جانے کے لیے نجی راستہ اور بہت سارے صحن ہیں جہاں سےسان گیبرائل پہاڑیوں کا نظارہ کیا جاسکتاہے۔

جب مینڈی کے ڈرائنگ روم میں جائیں تو آپ کو ایک پیانو اور ایک ریکارڈر ملے گا۔ ایک کونے پر خوبصورت سا بیوریج کارٹ ہے، جہاں مہمان مشروبات سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔ پیسٹل اسکیم سے اٹے اس گھر میں آتش دان کی بھی تعمیرِ نو کی گئی ہے، جو دراصل لِونگ روم اور ڈائننگ روم کو الگ کرتاہے۔ آتش دان کے اوپر ’کاپر ہُڈ‘ بہت دلکش دکھائی دیتا ہے۔بڑے سے کچن کے دو آئی لینڈ ہیں، جن میں سے ایک تو صرف ناشتے کے لیے ہے۔ کچن میں ڈائننگ ٹیبل کے بجائے بڑے سے سنگ مرمر کو ٹیبل کی طرح رکھا گیاہے، یعنی یہ ٹیبل سنگل پیس ہے۔ ہال کے راستے میں اوپر لگی اسکائی لائٹ بہت شاندار دکھائی دیتی ہیں ۔ اطراف میں لگے شیلف میں آپ کو دنیا بھر کے موضوعات پر مشتمل کتابیں نظر آئیں گی۔ ہال سے گزرتے ہوئے آپ ایک بہت سے بڑے گارڈن میں داخل ہوں گے، جہاںمینڈی اور اس کے مہمان بہت اچھا وقت گزارتے ہیں۔ مینڈی مورکا گھر دیکھ کر یہ بات صادق آتی ہے کہ گھر چھوٹا ہو یا پرانا، اسے آپ کاذوق و شوق خوبصورت اور دلفریب بنا سکتا ہے۔

تازہ ترین