• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’پٹری پر کھیلنے والے بچوں کے والدین کو گرفتار کرینگے‘‘

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کہتے ہیں کہ والدین اپنے بچوں کو حادثات سے محفوظ رکھنے کے لیے ریلوے لائن سے دور دوسرے اسکولوں میں داخل کروالیں، ٹریک پر کھیلنے والے بچوں کے والدین کو گرفتار کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ریلوے ٹریکس کے قریب اسکولوں اور چھوٹے کاروباری یونٹس کو بند کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

شیخ رشید نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آج کے اجلاس میں ریلوے سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے، پہلے 50روز میں ریلوے کی کمائی میں ایک ارب روپے کا اضافہ ہوا۔

انہوں نے بتایا کہ لاہور سے اسلام آباد کیلئے ریل کار صبح8بجے کی بجائے 10بجے چلے گی، گرین لائن میں کیٹرنگ سروسز کو بحال کر رہے ہیں۔

وزیر ریلوے نے بتایا کہ ایک ہفتے میں 3ٹرینوں میں وائی فائی کی سہولت فراہم کر دی جائے گی،30اکتوبر سے گرین لائن میں بھی وائی فائی دستیاب ہو گا۔

شیخ رشید نے کہا کہ فریٹ ٹرینز کو مزید فعال بنانے کیلئے ٹاسک فورس بنا دی گئی ہے، کوچز کی فراہمی ریلوے کا سب سے بڑا مسئلہ ہے، جس طرح ڈالر اوپر جا رہا ہے ہم نے بچت کرنا شروع کر دی ہے۔

وزیر ریلوے نے کہا کہ مال گاڑی کے لیے ٹریکنگ سسٹم لا رہے ہیں، کراچی دھابیجی اور کراچی حیدرآباد ٹرینوں کا جلد افتتاح کر دیا جائے گا، جبکہ سکھر ایکسپریس اب جیکب آباد تک جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ لاہور میں 22کروڑ کے انجن 42کروڑ کے خریدے گئے، اس صورت حال پر فکر کرتے کرتے دو مہینے میں میرا 16کلو وزن کم ہو گیا۔

شیخ رشید نے یہ بھی بتایا کہ ایک بات یاد رکھیں چور اور کرپٹ آدمی کی پکڑ ضرور ہوتی ہے، جہیز میں چوروں اور ڈاکوؤں کا مال ملا ہے۔

تازہ ترین