• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

’مسلم مخالف جذبات تہذیبوں میں تصادم کے غلط تصورکو مضبوط بنا رہے ہیں‘

پاکستان نے کہا ہے کہ بڑھتا ہوا اسلامو فوبیا ، نسلی بنیادوں پر اجنبیوں سے نفرت اور مسلم مخالف جذبات تہذیبوں کے درمیان تصادم کے غلط تصور کو مضبوط بنا رہے ہیں ۔یورپ اور ایشیاء کو باہمی تعاون، با ضابطہ بات چیت اور رواداری کے فروغ کے ذریعے اس مسئلے کو حل کرنا ہوگا ۔

ان خیالات کا اظہار برسلز میں منعقد ہونے والی بارہویں ایشیاء ، یورپ سمٹ میں شرکت کیلئے آئی ہوئی وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے کیا ۔

یورپ اور ایشیاء ’ عالمی مسائل کے عالمی ساتھی‘ کے موضوع پر منعقد ہونے والی اس سمٹ میں 7 نکات پر مشتمل خطاب کرتے ہوئے پاکستانی نمائندے نے عالمی تجارت میں چند ملکوں کی جانب سے اپنی مصنوعات کو تحفظ دینے کی پالیسی، ماحولیاتی تبدیلیوں کیلئے معاہدہ پیرس پر مکمل عملدرآمد اور اس کیلئے مضبوط بین الاقوامی تعاون ، وسائل اور نئی تحقیق و ٹیکنالوجی کی ضرورت اور فراہمی پر زور دیا ۔

انہوں نے بڑے پیمانے پر مہاجرین کی آمدو منتقلی کے اسباب، سی پیک کی مثال کے ذریعے نئے علاقائی اور بین الاقوامی راستوں اور رابطوں میں اضافے اور ترقی پذیر ممالک میں مالیاتی کرپشن کی روک تھام کی ضرورت پر بھی زور دیا ۔

اس موقع پر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے مزید کہا کہ بہت عرصے سے حل طلب مسئلہ کشمیر جنوبی ایشیا کے امن واستحکام کیلئے واحد سب سے بڑی رکاوٹ بنا ہوا ہے ، اس لئے ضروری ہے کہ اقوام متحدہ کی تسلیم شدہ قرار دادوں کے مطابق جموں و کشمیر کے عوام کو حق خود ارادیت فراہم کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں ۔

پاکستانی نمائندہ نے سمٹ کے شرکاء کو آگاہ کیا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ کامیابی سے جاری رکھے ہوئے ہے اور وہ اپنا یہ تجربہ دنیا سے شیئر کرنے کے لئے تیار ہے ۔ اسی کے ساتھ وہ اپنے خطے میں خصوصی جبکہ دنیا بھر میں عمومی طور پر امن اور خوشحالی میں اضافے کیلئے نئی شراکت داریاں قائم کرنے کے لئے بھی تیار ہے ۔

تازہ ترین
تازہ ترین