• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

روہڑی سے دو ماہ قبل اغوا ہونے والی لڑکی فیصل آباد سے بازیاب

سکھر (بیورو رپورٹ) سکھر پولیس کی فیصل آباد کے علاقے میں کارروائی، روہڑی سے دو ماہ قبل اغوا ہونے والی 25سالہ لڑکی کو بازیاب کرالیا گیا، مغوی لڑکی کی رہائی کے لئے اغوا کاروں نے 10لاکھ روپے تاوان طلب کیا تھا۔ ایس ایس پی سکھر سید اسد رضا شاہ کے مطابق 2ماہ قبل روہڑی سے 25سالہ مسماۃفردوس کھوکھر کو چوڑیاں فروخت کرنے کے دوران اغوا کرلیا گیا تھا، جس کی بازیابی کے لئے پولیس کی جانب سے سندھ و پنجاب کے مختلف شہروں میں چھاپے مارے جارہے تھے، موبائل کال ٹریسنگ کی مدد سے ملنے والی معلومات کی بنیاد پر پولیس کو پتہ چلا کہ اغوا کار مسماۃفردوس کو فیصل آباد لے گئے ہیں اور اس کی رہائی کے لئے 10لاکھ روپے تاوان طلب کیا گیا ہے، لڑکی کی بازیابی کے لئے پولیس کی خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی، جس نے فیصل آباد میں کارروائی کرکے مسماۃفردوس کو بحفاظت بازیاب کرالیا جبکہ اغوا کار فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، جنہیں جلد گرفتار کرلیا جائیگا۔ بازیاب ہونیوالی مسماۃفردوس نے بتایا ہے کہ مجھے 2ماہ قبل اغوا کیا گیا تھا اور اغوا کار فیصل آباد لے گئے تھے، میری رہائی کے لئے انہوں نے اہل خانہ سے 10لاکھ روپے تاوان طلب کیا تھا، تاہم پولیس نے مجھے بازیاب کرایا۔ دوسری جانب سکھر پولیس نے ملٹری روڈ پر کارروائی کرکے گھروں میں چوری کی وارداتیں کرنے میں ملوث گروہ کے سرغنہ کو گرفتار کرلیا ہے، جس کی شناخت نور حسن کے نام سے ہوئی ہے، ملزم کے قبضے سے مسروقہ لیپ ٹاپ، موبائل فونز، 50ہزار روپے نقدی و دیگر ساز و سامان برآمد ہوا ہے، ابتدائی تفتیش میں ملزم نے 20سے زائد چوری کی وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے۔
تازہ ترین