• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اکثر سیاستدان مجرم، بچ نہیں سکتے،اپوزیشن جائیدادیں بچانے کیلئے اکھٹی ہوئی،سیاسی بیوروکریسی اور پولیس ہمارے کا م خراب کررہی ہے،مسئلہ آئی ایم ایف کی شرائط،عمران خان

اسلام آباد (خبر ایجنسیز؍نمائندہ جنگ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سیاستدانوں میں سے اکثر مجرم ہیں اور اتنے ثبوت موجود ہیں کہ مجرم بچ نہیں سکتے۔ وزیراعظم عمران خان نے بیوروکریسی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ انتظامی سطح پر ہمارے کیلئے مشکلات پیدا کی جا رہی ہیں، سیاسی بیورو کریسی اور پولیس ہمارا کام خراب کررہی ہے، میری حکومت کو گرانے کیلئے سازشیں ہورہی ہیں۔ گزشتہ روز سینئر صحافیوں سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ میں کسی دباو میں نہیں آئوں گا اور آخر تک جاؤں گا، کسی چور، ڈاکو اور مجرم کو نہیں چھوڑوں گا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ موجودہ حزب اختلاف حقیقی حزب اختلاف نہیں ہے، موجودہ اپوزیشن اپنی جائیدادیں بچانے کے لیے اکٹھی ہوئی ہے۔ عمران خان نے شہبازشریف کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ شہبازشریف نیلسن منڈیلا بننے کی کوشش کر رہے تھے۔ عمران خان نے قرض کے مسئلے پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پچھلی حکومتوں نے قرضہ کو 36 ٹریلین تک پہنچادیا ہے، اگلے دو ماہ میں اگر حکومت پیسے نہ لیتی تو ملک دیوالیہ ہوجاتا، آئی ایم ایف کا اصل مسئلہ ان کی شرائط ہیں، آئی ایم ایف (عالمی مالیاتی فنڈ) کے پاس جانا مسئلہ نہیں بلکہ آئی ایم ایف کی شرائط مسئلہ ہیں، عوام پر پہلے ہی بہت بوجھ ڈال چکے ہیں، مزید نہیں ڈالنا چاہتے، ہم چاہتے ہیں عوام پر کم سے کم بوجھ پڑے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف آخری آپشن ہے، مزید ذرائع سے بھی استحکام پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، چین اور سعودی عرب سے اچھے پیغامات آرہے ہیں، دونوں ممالک سے مالی امداد کے حوالے سے بات ہو چکی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے اپنی رہائشگاہ بنی گاہ میں مسجد کا افتتاح کردیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے نئی تعمیر شدہ مسجد کا دورہ کیا اور نماز بھی ادا کی۔وزیراعظم نے مسجد کی تعمیر پر اطمینان کا اظہار کیا، مسجدکی تعمیر رہائشگاہ میں باجماعت نمازکی ادائیگی کے لئے کرائی گئی۔خیال رہے اس سے پہلے بنی گالہ میں نمازکیلئے مخصوص جگہ متعین نہیں تھی اور بڑی تعداد میں پارٹی رہنما لان میں ہی نماز ادا کرتے تھے۔ دریں اثناء وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت بنی گالہ میں پارٹی کا مشاورتی اجلاس ہوا سینیٹر فیصل جاوید ، افتخار درانی ، نعیم الحق اور دیگر رہنمائوں نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں وزیر اعظم کے دورہ سعودی عرب اور چین کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے ملک کی معاشی صورتحال مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا وزیر اعظم نے حکومتی کارکردگی اور 100روزہ پلان کا جائزہ لیا اجلاس میں ’ غربت مٹائو‘ پروگرام کے خدوخال پر بھی غور کیا گیا وزیر اعظم نے پارٹی کی تنظیم نو کے امور پر بھی مشاورت کی۔ دریں اثناء اس کے علاوہ سینئر صحافی و تجزیہ کا ارشاد بھٹی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ خلا آگیا ہمیں ملنا چاہیے تھا آئندہ ملا کریں گے، آئی ایم ایف اور معاشی صورتحال سے واقف ہوں مجھے پتہ ہے کیا صورتحال ہے، ہمیں چونکہ چین ، سعودی عرب اور ایک دو دوست ممالک سے اچھی اطلاعات مل رہی ہیں ہم صرف اُن کو دیکھنا چاہ رہے ہیں کہ وہ کتنی مدد کرتے ہیں اس کے بعد جو باقی بچتا بارہ ارب ڈالر چاہیے اس وقت ملک کے لئے اس پر ہم آئی ایم ایف کے پاس جائیں گے اور اس میں کوئی شک نہیں کہ اس مرتبہ ہمیں آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑے گا ۔ انہوں نے کہا کہ دو نکاتی ایجنڈالگ رہا ہے ایک ہے کہ حکومت کو ٹاپل کر دیا جائے حکومت کو رولے لپے میں ڈالے رکھا جائے اور دوسرا اتنا شور ڈالا جائے اور مشہور کر دیا جائے کہ این آر او کرلیں یا صلح کرلیں یا ہمیں چھوڑ دیں ۔ عمران خان نے کہا میں بائیس سال میں پریشر لیتا رہا ہوں کوئی این آر او نہیں ہوگا کوئی صلح نہیں ہوگی اور کوئی حکومت ٹاپل نہیں ہوگی ۔ علاوہ ازیں ایک انٹرویو کے دوران سوال کے جواب میں پاکستان تحریک انصاف کے عثمان ڈار نے کہا کہ جو کچھ ہورہا ہے وہ آنے والے دنوں میں سامنے آجائے گا، یہ لوگ پلی بارگیننگ کی کوشش کررہے ہیں، انہوں نے پاکستان میں خرید و فروخت کا بازار گرم کر رکھا تھا، میں ان کو بتانا چاہتا ہوں کہ ہر چیز بکتی نہیں ہے، ان کو عادت ہے جسٹس قیوم صاحب جیسے لوگوں کو فون کر کے انصاف لے لینے کی اس لئے یہ ایسی باتیں کررہے ہیں اور کہہ رہے ہیں ہمیں این آرا و نہیں چاہئے، وہ جو بھی ہے، جس کے ساتھ مل کر بھی جو کچھ کررہے ہیں وہ بھی آنے والے دنوں میں سامنے آجائے گا لیکن یہ جو بات کہہ رہے ہیں کہ ہمیں این آراو نہیں چاہئے یا ہم نے آج تک این آر او نہیں کیا تو میں قوم کو ان دونوں جماعتوں کے پرویز مشرف کے ساتھ این آر اوز یاد دلارہا ہوں۔

تازہ ترین