• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایرانی فوجی سربراہ کا فون،مغوی اہلکاربازیاب کرانے کی درخواست، پاکستان خطے میں استحکام کیلئے کردار ادا کرتا رہے گا،جنرل باجوہ،قطری وزیر خارجہ کی ملاقات

اسلام آباد(نمائندہ جنگ) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاہے کہ پاکستان خطےمیں امن اوراستحکام کیلئے کرداراداکرتارہے گا،آئی ایس پی آرکے مطابق آرمی چیف سے قطر کے نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ محمد بن عبدالرحمان نے ملاقات کی۔ جس میں باہمی دلچسپی کے امورپرتبادلہ خیال کیا گیا۔آئی ایس پی آرکے مطابق قطری وفد نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کامیابیوں اورخطے میں امن واستحکام کے لیے پاکستان کی کاوشوں کوسراہا۔اس موقع پر جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کیلئے مثبت کردارادا کرتا رہےگا۔ علاوہ ازیں ایرانی مسلح افواج کے سربراہ میجر جنرل محمد باقری نےآرمی چیف جنرل قمرجاویدباجوہ کے ساتھ ایک ٹیلی فونک رابطے میں گزشتہ دنوں پاک ایران سرحد پر ایرانی محافظوں کے اغوا میں ملوث دہشتگرد عناصر کی جلد گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔جبکہ جنرل قمرجاویدباجوہ نے یقین دہانی کرائی کہ اغوا کرنے والے مجرم جلد پکڑے جائیں گے، ایرانی خبررساں ادارے کے مطابق جنرل باقری نے کہا کہ پاکستان ایرانی سرحدی محافظوں کو اغوا کرنے والے دہشتگرد عناصر کو فوری گرفتار کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات کرے اور ایرانی سرحدی محافظوں بازیاب کرائے۔انہوں نے کہاکہ مشترکہ سرحدوں پر سکیورٹی کے تحفظ کے لئے ایران اور پاکستان کی مسلح افواج کے درمیان طے شدہ دو طرفہ سمجھوتے کی بنیاد پر تہران کو امید ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج، ایران کے سرحدی محافظین کو اغوا کرنے والے عناصر کو گرفتار اور ایرانی سرحدی محافظین کو رہا کرانے کیلئے جلد سے جلد تمام ضروری اقدامات عمل میں لائیں گی۔ اس موقع پر پاکستانی سپہ سالار نے ایرانی بارڈر گارڈز کے اغوا پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان کے عسکری اور سلامتی اداروں کے اقدامات سے مغوی ایرانی محافظوں کی بازیابی اور اس واقعے میں ملوث دہشتگردوں کی جلد گرفتاری ممکن ہوگی۔ ایرانی مسلح افواج کے سربراہ نے ایران کیساتھ مشترکہ سرحدی علاقوں میں پاکستان کی جانب سے نفری کو مزید بڑھانے پر زور دیا جس سے سرحدی خطے میں امن قائم رہے گا اور دہشتگردوں کی نقل و حرکت کو روکا جاسکے گا۔

تازہ ترین