• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سانحہ ماڈل ٹائون، نواز، شہباز کی طلبی کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست

اسلام آباد(نمائندہ جنگ) تحریک منہاج القرآن نے سانحہ ماڈل ٹائون کے حوالے سے لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے نواز شریف، شہباز شریف اور دیگر فریقین کو طلب کرنے کی استدعا کی ہے۔ہفتہ کے روز ملک وحید انجم ایڈوکیٹ کے ذریعے دائر کی گئی اپیل میں اپیل کنندہ نے موقف اختیار کیا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے سانحہ ماڈل ٹائون کیس میں جاری کئے گئے فیصلے میں حقائق کو نظر انداز کیا ہے ،اس سانحہ میں موقع پر ہی دس معصوم افراد کی جانیں لے لی گئی تھیں، فیصلہ کو کالعدم قرار دیا جائے۔ تحریک منہاج القرآن کے سربراہ علامہ طاہر القادری نے 12 اپریل 2014 کو حکومت کیخلاف دس نکاتی ایجنڈے کے نفاذ کیلئے پریس کانفرنس کی اور لندن میں عمران خان،چوہدری شجاعت اور پرویز الٰہی سے ملاقاتیں کی تھیں، ملاقاتیں حکومت کیخلاف تحریک شروع کرنے کے حوالے سے کی گئی تھیں، مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ماڈل ٹائون سے رکاوٹیں ہٹانے کیلئے طاقت کا استعمال کیا تھا جبکہ اس حوالے سے اس سے قبل کوئی نوٹس بھی نہیں دیا گیا تھااورآدھی رات کو بھاری ہتھیاروں سے لیس پولیس اہلکاروں اور ہیوی مشینری کے ذریعے آپریشن کیا گیا، اپیل کنندہ نے کہا ہے کہ ماڈل ٹائون میں تحریک منہاج القرآن کی دیواروں اور کھڑکیوں پر آج بھی گولیوں کے نشانات موجود ہیں، لیکن ہائیکورٹ نے اپنے فیصلے میں سانحہ ماڈل ٹائون کے حقائق کو نظر انداز کیا ہے ،اپیل کنندہ کے مطابق بظاہر نواز شریف، شہباز شریف، حمزہ شہباز، خواجہ سعد رفیق اور رانا ثنااللہ سمیت فریقین اس سانحہ کے ذمہ دارہیں اس لئے انصاف کے تقاضوں کے پیش نظر میاں نواز شریف، شہباز شریف اور دیگر فریقین کو طلب نہ کرنے کے ہائی کورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے ٹرائل کورٹ کو میاں نواز شریف اور میاںشہباز شریف کا بھی ٹرائل کرنے کا حکم جاری کیا جائے۔

تازہ ترین