• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیب نیازی گٹھ جوڑ،احتساب قوانین میں ترمیم نہ کرنا ہماری غلطی،حمزہ شہباز

کراچی(جنگ نیوز)قائد حزب اختلاف پنجاب اسمبلی حمزہ شہبازنے کہا ہے کہ شہباز شریف کیخلاف ابھی تک کوئی ریفرنس نہیں دائر ہوا نہ شواہد پیش کیے گئے، علیم خان کے خلاف مقدمات اور شواہد موجود ہیں، ملک کو درپیش چیلنجز دیکھیں تو قوم کو ساتھ لے کر چلنے کی ضرورت تھی، پنجاب اسمبلی میں توڑ پھوڑ ایک معمہ ہے ہاؤس کمیٹی بنا کر سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے،”نیا پاکستان طلعت حسین کے ساتھ“ میں میزبان طلعت حسین کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیب کے کالے قوانین میں ترامیم کرنی چاہئے تھیں ہم نے نہیں کیں یہ ہماری غلطی ہے، پرویز الٰہی کا بطور اسپیکر رویہ قابل برداشت نہیں ہے، نیب اور عمران خان نیازی کا گٹھ جوڑ ہے ، نیب عمران خان کا آلہ کار بنا ہوا ہے، شہباز شریف کی گرفتاری صرف عمران خان کا بغض ہے، نیب کے کالے قوانین میں ترامیم کرنی چاہئے تھیں ہم نے نہیں کیں یہ ہماری غلطی ہے، مریم نواز جیل جاسکتی ہیں تو علیمہ خان کی بھی آف شور کمپنیاں ہیں، ہماری ڈیل اور ڈیلنگ عوام کے ساتھ ہے۔کہا کہ پنجاب اسمبلی میں توڑپھوڑ ایک معمہ ہے جو حل ہونا چاہئے،تحقیقات سے اصل کہانی سامنے آجائے گی، میڈیا کو جو تصاویر جاری کی گئیں اس پر کچھ میڈیا چینلز نے دکھایا کہ یہ تصاویر پہلے مختلف تھیں، وہاں کوڑا کرکٹ جمع کر کے پھینکا گیا اور ڈیسک الٹائے گئے، شہباز شریف کی گرفتاری پر احتجاج کیا تو پرویز الٰہی نے بطور اسپیکر ن لیگ کی خواتین کو کہا میں نے آپ کا ڈانس بہت دیکھ لیا اب آپ بیٹھ جائیں، ہمارے چھ اراکین کو معطل کیا گیا جنہیں بحال کیا جائے، پنجاب اسمبلی میں پیش آنے والے واقعہ کی تحقیقات کی جائے، ہاؤس کمیٹی بنائی جائے جو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ذمہ داروں کا تعین کرے، تحقیقات سے پتا چل جائے گا کہ میڈیا کو جعلی تصاویرجاری کرنے کے پیچھے کیا محرکات تھے ۔حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے عام انتخابات کی رات کو نتائج نہ ملنے پر تحفظات کا اظہار کردیا تھا،عام انتخابات میں راجن پور کا نتیجہ پہلے آگیا جبکہ لاہور کا نتیجہ 36گھنٹے بعد آیا، ن لیگ انتخابات پر تمام تر تحفظات کے اسمبلی میں گئی، پرویز الٰہی کے الیکشن میں ن لیگ کے بارہ ووٹ چوری ہوگئے، ڈپٹی اسپیکر کے الیکشن میں حصہ نہ لینے کی دھمکی دی تو ہمارے ووٹ پورے ہوگئے۔حمزہ شہباز نے کہا کہ اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلنا اسپیکر کی کرسی کا تقاضا ہے، پرویز الٰہی کا بطور اسپیکر رویہ قابل برداشت نہیں ہے، پرویز الٰہی کے اندر غصہ اور بغض ہے یا صوبے کی ترقی انہیں ہضم نہیں ہورہی ہے، پرویز الٰہی کے اندر کا غصہ ہاؤس کی رولنگ کی شکل میں سامنے آتا ہے، پرویز الٰہی اور چوہدری شجاعت سے میرا پرانا واسطہ ہے، 1993ء میں چوہدری پرویز الٰہی اور چوہدری شجاعت کے ساتھ اڈیالہ جیل کاٹ چکا ہوں۔ حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کو بلایا صاف پانی کیس میں گیا مگر گرفتار آشیانہ کیس میں کرلیا گیا،عمران خان مسٹر کلین ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں تو احتساب کی شروعات اپنے گھر سے کریں، مریم نواز پر الزامات لگاتے ہیں علیمہ خان کی آف شور کمپنیوں کا کیس بھی لے کر آئیں، کیا شیخ رشید کو خواب آیا تھا کہ کچھ دنوں میں شہباز شریف گرفتار ہوجائیں گے،نواز شریف کی واپسی کے موقع پر لاکھوں لوگ سڑکوں پر تھے، ہم ان لاکھوں لوگوں کے مجمع میں راستہ بنا کر کیسے ایئرپورٹ پہنچتے۔ حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ رانا مشہود کے بیان کو پارٹی نے مسترد کیا ہے، نواز شریف نے اپنی بیوی کو خدا کے حوالے کر کے اپنی بیٹی کے ساتھ جیل جانا گوارا کیا ، اسے جنہوں نے ڈیل کہا انہوں نے قوم سے معافی مانگی، نواز شریف کو ڈیل کرنا ہوتی تواپنی بیوی کے پاس ہوتے، ہماری ڈیل اور ڈیلنگ عوام کے ساتھ ہے، قوم نے ضمنی الیکشن میں شاہد خاقان عباسی اور خواجہ سعدرفیق کو واضح برتری سے جتوایا، کرسی کا آنا جانا بچپن سے دیکھ رہا ہوں ،اصل عزت عام آدمی کی نظر میں ہوتی ہے، اپنے والد پر فخر ہے کہ انہوں نے صوبے کی خدمت کی ہے، آج مجھے شہباز شریف کا بیٹا ہونے پر فخر ہے، ایسی وزارت اعلیٰ پر لعنت بھیجتا ہوں جس پر قتل کے مقدمہ میں دیت دے کر چھوٹنے والا شخص بٹھایا جائے، عمران خان عثمان بزدار کو سب سے ایماندار وزیراعلیٰ قرار دے کر کس کو بیوقوف بنارہے ہیں۔

تازہ ترین