• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت ناکام، ملک غیر معمولی صورتحال سے گزر رہا ہے، خورشید شاہ

سکھر (بیورو رپورٹ) پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے 50لاکھ گھر دینے بات مافیا کیلئے ہے، نواز شریف نے اپنے پانچ سالہ دور میں جتنا قرضہ لیا تھا اتنا قرضہ یہ حکومت60دن میں لینے کی درخواست کر رہی ہے۔ پتہ نہیں عوام نے ہمیں کیوں مسترد کیا، ہمارے اعمالوں کی سزا تو ہمیں ملنی چاہیئے، نوجوان اس کی باتوں میں آگئے وہ شریف آدمی یوٹرن لیتا ہے، حکومت ناکام ہوگئی اور ملک غیرمعمولی صورتحال سے گزر رہا ہے۔ وہ سکھر پریس کلب کے باہر سکھر بیراج سے نکلنے والی کینالوں کے کنارے کئے جانے والے آپریشن کے متاثرین سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کررہے تھے۔ ان کے ہمراہ رکن صوبائی اسمبلی سید فرخ شاہ بھی موجود تھے۔ خورشید احمد شاہ نے کہا کہ لوگوں نے عمران خان کی بات سمجھی نہیں تھی، اصل میں عمران خان نے ایک کروڑ نوکری دینے کی بات نہیں کی تھی اس نے کہا تھا کہ ایک کروڑ لوگوں سے روزگار چھینوں گا اور اس سے جو پیسہ بچے گا ملک ترقی کرے گا۔ خورشید احمد شاہ نے کہا کہ سکھر بیراج کے کینالوں کے کنارے رہائش پذیر افراد غریب لوگ ہیں، ان کو رہنے کے لئے گھر نہیں ہے، اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ وہ زمین محکمہ آبپاشی کی ہے ،یہ لوگ40سال سے یہاں پر رہائش پذیر ہیں، ان کا قصور یہ ہے کہ یہ غریب ہیں، ان کے پاس گھر نہیں تھا، ویسے تو حکومتیں ہوتی ہی ہیں لوگوں کو گھر اور ان کے لئے وسائل پیدا کرنے کے لئے، میں حکومت سندھ کا مشکور ہوں ان لوگوں کے لئے دوسو ایکڑ زمین فراہم کی ہے۔ میری کل بھی وزیراعلیٰ سندھ سے اس سلسلے میں بات ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ ٹائیم دیا جائے کہ ہم ان کو وہاں شفٹ کریں اور گھر دے دیں، ہر فیملی کے لئے حکومت سندھ نے 120گز کا پلاٹ منظور کیا ہے جو روہڑی میں دیا جائے گا، میں میڈیا کے ذریعے ان حلقوں سے اپیل کرتا ہوں کہ متاثرین کو چھ ماہ کی مہلت دی جائے، سردیوں کا موسم آرہا ہے، چھوٹے چھوٹے بچے ہیں ، عدالت کے فیصلے کا احترام ہے لیکن انسانیت کی بنیاد پر اپیل ہے کہ انہیں چھ ماہ کی سہولت دی جائے۔

تازہ ترین