• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بیویاں اپنے شوہروں کو طلاق نہیں دے سکتیں، علما ء وماہرین قانون

لاہور(خبرنگارخصوصی)علماء اور قانون دانوں نے کہا کہ بیویاں اپنے شوہروں کو طلاق نہیں دے سکتیں، اسلام کے مطابق صرف شوہر ہی بیوی کو طلاق دے سکتا ہے، خلع کے قانون میں تبدیلی غیر اسلامی ہوگی، بیوی شوہر کو چھوڑنا چاہے تو وہ قاضی کے سامنے خلع دائر کرے ۔قاری زوار بہادر نے کہا کہ اسلام نے صرف مرد کو طلاق کا حق دیا ہے، اس شرعی قانون میں کسی بھی قسم کی تبدیلی حلال و حرام کو اپنے ہاتھ میں لینے کے مترادف ہو گی، اسلام بیوی کو یہ حق دیتا ہے کہ اگر وہ شوہر سے علیحدگی اختیار کرنا چاھے تو وہ خلع دائر کرے گی۔علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا کہ قرآن پاک میں کہیں بھی عورت کے شوہر کو طلاق دینے کا ذکر نہیں ہے، طلاق کا حق صرف شوہر کے پاس رکھا گیا ہے جبکہ عورت کو خلع کا حق دیا گیا ہے اس لیے اس قانون میں کوئی بھی تبدیلی غیر اسلامی ہوگی۔ سپریم کورٹ بار کے سابق سیکریٹری آفتاب باجوہ،راجہ عبدالرحمٰن اور لاہور ہائیکورٹ بار کے سابق صدر پیر مسعود چشتی کہتے ہیں کہ قانون کے تحت مرد کو طلاق دینے کا حق حاصل ہے جبکہ عورت خلع لے سکتی ہے، نکاح نامہ میں ایک شق رکھی گئی ہے کہ کیا مرد بیوی کو طلاق کا حق دیتا ہے اول تو یہ کالم کبھی پر نہیں کیا گیا اور اگر پر کر بھی لیا جائے تب بھی عورت کو اس معاملہ میں عدالتی پراسیس سے گزرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام اور قانون عورت کو مردوں کی طرح ’ طلاق،طلاق، طلاق‘ کہنے کا حق نہیں دیتا۔
تازہ ترین