• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پولیس کی رشوت ستانی سے تنگ، رکشہ ڈرائیورکا اقدام خودکشی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) صدر میں ٹریفک چوکی کے باہر رکشہ ڈرائیور نے خود کو آگ لگا کر خودکشی کرنے کی کوشش کی جس کو موقع پر موجود لوگوں نے مکمل طور پر جلنے سے بچالیا، رکشہ ڈرائیور کا کہنا ہے کہ اس نے ٹریفک پولیس اہلکاروں کی آئے روز کی رشوت ستانی اور بےجا ٹریفک چالان کیئے جانے سے تنگ آکر یہ قد م اٹھایا ، ایڈیشنل آئی جی کراچی نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق صدر کے علاقے شاہراہ فیل میں واقع ٹریفک پولیس چوکی کے باہر رکشہ ڈرائیور خالد ولد یوسف نے ٹریفک پولیس اہلکاروںکی رشوت ستانی سے تنگ آکر خود کو پیٹرول چھڑک کر آگ لگالی جسے قریب موجود لوگوں نے فوری طور پر بجھایا اور اسے اسپتال منتقل کیا، اس ضمن میں ایس ایچ او پیر شبیر حیدر کا کہنا ہے کہ رکشہ ڈرائیور نے بیان دیا ہے کہ ٹریفک پولیس کا اے ایس آئی حنیف اس سے رشوت کا مطالبہ کررہا تھا اور نہ دینے پر اسکا چالان کاٹا اس نے کہا کہ آئے روز وہ رشوت کا مطالبہ کرتا ہے اور نہ دینے پر چالان کردیتا ہےاور ایک ماہ کے دوران 4ہزار کا چالان کیا جا چکا ہے انہوں نے کہا کہ رکشہ ڈرائیور ماڈل کالونی کا رہنے والا ہے اور رکشہ ڈرائیور نے تحفظات ہونے کے باوجود غلط قدم اٹھایا ہے اور اسکے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، رکشہ ڈرائیور کی حالت خطرے سے باہر ہے جسے نجی اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔پولیس کے مطابق ایس ایس پی ٹریفک پولیس نے اے ایس آئی حنیف کو معطل کرکے تحقیقات شروع کردی ہے ۔صدر ٹریفک سیکشن کراچی کے آفیسر کا مبینہ ناروا سلوک اور رشوت طلبی پر رکشہ ڈرائیور کی خود سوزی کے معاملے پر آئی جی سندھ ڈاکٹرسیدکلیم امام نے سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی ٹریفک کراچی سے تفصیلی انکوائری سمیت تمام تر محکمانہ اقدامات پر مشتمل رپورٹ فوری طور پر طلب کرلی ہے۔
تازہ ترین