• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

این اے 247، پی ایس 111 ،پی کے 71 پر ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ

ضمنی الیکشن کے سلسلے میں این اے247، پی ایس111اور پی کے71 پرپولنگ کا آغاز،پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا۔

کراچی میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 247 اور صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی ایس 111 پر آ ج ضمنی انتخاب ہورہا ہے، قومی اسمبلی کی نشست صدر عارف علوی اور صوبائی اسمبلی کی نشست گورنر سندھ عمران اسماعیل نے خالی کی، ضمنی انتخاب میں اہم نشستیں ہارنے کے بعد تحریک انصاف اپنے تینوں بڑے رہنماؤں کی نشستیں بچانے کے لیے کوشاں ہے۔

قومی اسمبلی کا حلقہ این اے 247 ڈیفنس، کلفٹن، اولڈ سٹی ایریا اور پنجاب کالونی سمیت مختلف علاقوں پر مشتمل ہےجبکہ صوبائی اسمبلی کا حلقہ پی ایس 111 بھی اسی حلقے کی حدود میں محدود ہے۔

قومی اسمبلی کی نشست پر 12 امیدواروں کے مابین مقابلہ ہوگا جس میں تحریک انصاف کے آفتاب حسین صدیقی، پاک سر زمین پارٹی کے ڈاکٹر ارشد عبد اللہ وہرا، متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے صادق افتخار، پیپلز پارٹی کے قیصر نظامانی اور پاکستان سنی تحریک کے علی نواب سمیت 7 آزاد امیدوار حصہ لے رہے ہیں،جبکہ پی ایس 111 پر تحریک انصاف کے شہزاد قریشی، ایم کیو ایم کے جہانزیب مغل، پیپلزپارٹی کے فیاض پیرزادہ اور پی ایس پی کے یاسر الدین سمیت 12 امیدوار مدمقابل ہیں۔

این اے 247 کے 5 لاکھ 46 ہزار ووٹرز 240 پولنگ اسٹیشنز میں جاکر اپنا حق رائےدہی استعمال کرسکیں گے۔ اسی حلقے کے 1 لاکھ 78 ہزار ووٹرز 80 پولنگ اسٹیشنز میں جاکر صوبائی اسمبلی کی نشست 111 کے لیے بھی ووٹ کاسٹ کرسکیں گے۔

پشاور میں حلقہ پی کے 71 پر بھی ضمنی انتخاب ہورہا ہے، یہ نشست گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان نے خالی کی ہے۔یہاں 5 امیدوار مدمقابل ہیں، تاہم پی ٹی آئی کا مقابلہ عوامی نیشنل پارٹی سے سخت مقابلہ متوقع ہے۔حلقے میں ایک لاکھ 30 ہزار سے زیادہ ووٹر ز رجسٹرڈ ہیں۔

تازہ ترین