• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قومی اسمبلی حلقہ این اے 247 سے کامیاب ہونے والے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما آفتاب حسین صدیقی نے کہا ہے کہ رکن قومی اسمبلی بن کر سب سے پہلی ترجیح اپنے علاقے کے لوگوں کو پانی اور انفرااسٹرکچر کی فراہمی ہے۔

آفتاب صدیقی نے کلفٹن سی ویو پر جمع ہونے والے پی ٹی آئی کے کارکنوں سے خطاب کیا، اس موقع پر آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔

آفتاب صدیقی نے کہا کہ پورے ملک میں پانی کا بحران ہے، کراچی اور خاص طور پر میرے حلقے میں پانی کے بحران نے شدت اختیار کی ہوئی ہے، میری اولین ترجیح علاقے کے لوگوں کو پانی فراہم کرنا ہے، اس کے لئے اگر وفاقی حکومت سے بھی مدد لینی پڑی تو لوں گا، اس کے بعد بہترین انفرااسٹرکچر دینا ہے، کراچی کے مسائل سندھ حکومت اور بلدیاتی اداروں کے منتخب اراکین کو کرنا تھے لیکن یہ عوامی امور کی انجام دہی میں ناکام ہوگئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے ملک بھر میں کامیابی حاصل کی ہے اور میں شکر گزار ہوں کہ عمران خان نے اس حلقے سے میرا انتخاب کیا میں اپنی بھرپور کارکردگی کا مظاہرہ کروں گا اور اپنے حلقے کے مسئلے مسائل کو ترجیحی بنیاد پر حل کرائوں گا، میں اپنے ووٹرز اور جماعت کو مایوس نہیں کروں گا۔

آفتاب صدیقی کے خطاب کے دوران ان کے قریبی ساتھی انور قریشی کا موبائل فون چوری ہوگیا، انہوں نے بتایا کہ میں خطاب سننے میں مگن تھا کسی نے میری جیب سے موبائل فون بھی نکال لیا۔

قومی اسمبلی کی نشست این اے 247 کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق تحریک انصاف کے امیدوار آفتاب صدیقی پہلے اورایم کیو ایم کے صادق افتخار دوسرے نمبر پر رہے جبکہ پی ایس 111 کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق تحریک انصاف کے شہزاد قریشی پہلے اور پی پی کے فیاض پیرزادہ دوسرے نمبر پر رہے۔

تازہ ترین