• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاپنگ بیگز کی روک تھام اور کپڑے کے تھیلوں کو رواج دینے کی مہم شروع

راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے) حکومت کے کلین اینڈ گرین پاکستان پروگرام کے تحت شہریوں میں ماحول دوست رویوں کو فروغ دینے کیلئے کمشنر راولپنڈی ڈویژن کی طرف سے شاپنگ بیگز کے استعمال کی روک تھام اور کپڑے کے بنے ہوئے تھیلوں کے استعمال کو رواج دینے کی مہم شروع کر دی گئی۔ اس مہم کے تحت حکومت پنجاب کے تمام محکموں اور اداروں کو نمونے کے طور پر کپڑے اور ریکسین سے بنے ہوئے مختلف سائز کے خوبصورت اور مضبوط شاپنگ بیگز کے تحائف جاری کئے گئے ہیں جس کا مقصد انکے ذریعے دفاتر گھروں اور روزمرہ عام زندگی میں خریداری کے دوران شاپنگ بیگز کے استعمال کو کم سے کم کرنا اور اسکے بدلے کپڑے سے بنے ہوئے بیگز کا استعمال عام کرنا ہے۔ کپڑے اور ریکسین کے بیگز پر ماحول کو آلودگی سے بچانے کیلئے شجرکاری اور ماحول دوست سرگرمیوں میں حصہ لینے کے پیغامات دیئے گئے ہیں۔ ملک کو صاف ستھرا اور سرسبزو شاداب بنانے کیلئے حکومتی اور عوامی سطح پر جاری مہم کا مقصد صحت و صفائی کے بنیادی اصولوں سے آگاہی ہے جس کیلئے مختلف نوعیت کی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ لوگوں میں شاپنگ بیگ کے استعمال کے رجحان کو بتدریج ختم کرنا ہے تاکہ ماحولیاتی کثافتوں کا باعث بننے والے کیمیکلز کم سے کم استعمال میں آئیں اور ماحول کو خوشگوار اور صحت بخش بنایا جاسکے۔
تازہ ترین