• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

احد اور مومنہ کے’کوکو کورینا‘ پر شریں مزاری کی شدید تنقید

وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری کی جانب سے پاکستانی اداکار احد رضا میر اور گلوکارہ مومنہ مستحسن کو لیجنڈری گانے ’کوکو کارینا‘ کو تباہ کرنے پر شدید تنقیدکا نشانہ بنایا گیا ہے۔

پاکستانی میوزیکل شو کوک اسٹوڈیوکا نیا گانا ’کوکو کورینا‘ سننے کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے شیریں مزاری نے لکھا کہ ’خوفناک! ایک عظیم کلاسک کو تباہ کر دیا گیا- کوک اسٹودیو نے اس کلاسک گانے کے اس طرح سے قتل عام کی اجازت آخر کیوں دی؟‘


احد رضا میرکاکوک اسٹوڈیو کے سیزن 11 میں ڈیبیو گانا ’کوکو کورینا‘ 19 اکتوبر کو ریلیز ہوا تھا جس میں ان کے ساتھ گلوکارہ مومنہ مستحسن نے گلوکاری کی ہے۔ اس گانے کے منظر عام پر آتے ہی احد رضا میر اور مومنہ مستحسن پر شدید تنقید کی جارہی ہے۔

سوشل میڈیا پر نا صرف احد رضا میر اور مومنہ مستحسن پر تنقید جاری ہے بلکہ کوک اسٹوڈیو سیزن 11 کے پروڈیوسرز زوہیب قاضی اور علی حمزہ کو بھی کھری کھری سنائی جارہی ہے۔ صارفین کا کہنا ہے کہ اگر احد رضا میر اور مومنہ مستحسن اسٹائل سے زیادہ اپنی گلوکاری پر توجہ دیتے تو زیادہ بہتر ہوتا۔

یاد رہے ’کوکو کورینا‘ لیجنڈری چاکلیٹی ہیرو وحید مراد پر فلمایا گیاتھا جسے احمد رشدی نے گایا تھا اور یہ آج تک مقبول ہے۔ کوک اسٹوڈیو میں پیش کیا گیا اس گانے کا ریمیک ورژن مداحوں کو متاثر کرنے میں ناکام ہوگیا۔



ٹوئٹر پر ایک احمر علی خان نامی صارف نے لکھا کہ ’یہ کوک اسٹوڈیو کے اس سیزن کا سب سے بد ترین گانا تھا۔‘ عائشہ نامہ صارف کا کہنا تھا کہ’کوک اسٹوڈیو آپ نے ایک لیجنڈری گانے کا کیا حال کر دیا ہے؟ لیجنڈز کے گانوں کے کو تباہ کرنا چھوڑ دیں جب تک کہ آپ کے پاس پیش کرنے کے لیے کوئی بہترین چیز نہ ہو۔‘


ایک اور صارف نے اپنے جذبات کا اظہار کچھ اس طرح کیا۔



کسی نے کہا کہ ’عمران خان کو کوکو کورینا سننے کے بعد بلڈ پریشر چیک کرانے کی ضرورت پڑ گئی۔‘تو کسی نے احد رضا میر کو پاکستان کی’ ڈھنچک پوجا‘ قرار دے دیا۔ ڈھنچک پوجا بھارتی گلوکارہ ہیں جنہوں نے اپنے گانے ’سیلفی میں نے‘ اور ’دلوں کا شوٹر‘ سے سوشل میڈیا پر خوب توجہ سمیٹی جبکہ صارفین نے ان کا خوب مذاق بھی بنایا۔

تازہ ترین