• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان ’پولیو فری‘ بننے والا ہے؟

دنیا کا 99 فیصد علاقہ پولیو سے مکمل طور پر پاک ہو چکا ہے لیکن تمام تر کوششوں کے باوجود پاکستان ابھی تک اس موذی مرض پر پوری طرح قابو پانے میں ناکام رہا ہے تاہم حکومت وقت نےدعویٰ کیا ہے کہ ملک کو پولیو فری بنانے کاہدف چند قدم کے فاصلے پر ہے۔

پاکستان سمیت دنیا بھر میں پولیو سے آگاہی کا دن آج منایا جا رہا ہے۔پاکستان دنیا کے اُن دوممالک میں شامل ہے جہاں ابھی تک پولیوموجود ہے ،ماضی قریب میں پولیو خطر ناک صورتحال اختیار کرگیاتھا اوربین الاقوامی برادری میں ہمارے لئے بدنامی کا باعث بن رہاتھا۔

عالمی ادارہ صحت کے مطابق ملک میں آئے روز اس وائرس سے متاثرہ کیسز سامنے آ رہے ہیں ۔ پولیو کے مزید تین کیس سامنے آنے کے بعد رواں سال پولیو کے مریضوں کی تعداد220 ہو گئی ہے ۔

ملک میں موجودہ سال پولیو کے کیسز کی سب سے زیادہ تعداد کا تعلق فاٹا سے ہے جہاں متاثرہ بچوں کی تعداد 142 ہے ، شمالی وزیرستان میں 70 ،‬ خیبرایجنسی میں 51 ‬، جنوبی وزیرستان میں 17 ‬اور ایف آر بنوں میں 4 کیسز شامل ہیں ۔

خیبر پختونخوا میں پولیو سے متاثرہ 45 کیسز سامنے آئے جن میں پشاور سے 15 بنوں سے 13 ،مردان سے 4 ، لکی مروت سے 3، ٹانک سے 5، بونیرسے 3 جبکہ طور غر اور نوشہرہ سے ایک ایک مریض سامنے آیا۔

صوبہ سندھ میں اس سال پولیو وائرس سے متاثرہ تئیس بچوں کے بارے میں رپورٹ ہوئی جن میں سے 21 کا تعلق کراچی سے ہے ، ایک مریض سانگھڑ اور ایک دادو کا رہائشی ہے۔ بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سے پولیو کے 3 مریض سامنے آئے ۔

تین کیسز کا تعلق قلعہ عبداللہ اور ایک کا ژوب سے ہے ۔ اس طرح صوبہ بلوچستان میں اس سال اب تک کُل 7 افراد پولیو سے متاثر ہو چکے ہیں اور پنجاب میں اس سال پولیو کے 3 مریض سامنے آئے جن میں بھکر، چکوال اور شیخوپورہ سے ایک ایک مریض شامل ہیں۔

پولیو کے عالمی دن کے موقع پر جاری اپنے ایک پیغام میں وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کہاہے کہ ملک کو پولیو فری بنانے کاہدف چند قدم کے فاصلے پر ہے اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم اوررضاکاروں اورمتعلقہ محکموں اوراداروں کی شاندارکارکردگی کے باعث ہم ملک اورخاص طور سے بلوچستان کو پولیوسے پاک بنانے کے قریب تر ہیں۔

وزیراعلیٰ نے عالمی ادارہ صحت یونیسف اورایملڈا بل گیٹس فاؤنڈیشن کی معاونت پران اداروں کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہاکہ آج ہم اس قابل ہیں کہ دنیا کو پیغام دے سکیں کہ ہم پولیو کو شکست دینے میں کامیاب ہونے والے ہیں۔

تازہ ترین