• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہمیں فوری طور پر ایکسپورٹ میں اضافہ چاہیے، اسد عمر

وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ ہم معیشت کو آگے لے جانے کے لئے اقدامات کر رہے ہیں،مختلف اقسام کی فنڈنگ پر کام ہورہا ہے،ہمیں فوری طور پر ایکسپورٹ میں اضافہ چاہیے۔

جیونیوز کے پروگرام ’’آج شاہ زیب خانزادہ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر کا کہنا تھا کہ عالمی معیار کے مطابق مصنوعات میں بہتری لائی جائے گی، اگر صنعت اور ایکسپورٹ میں بہتری آئے گی تو لوگ ان میں سرمایہ کاری کریں گے، ریئل اسٹیٹ کے شفاف نظام کے لئے ماہرین سے تجاویز مانگی ہیں۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ توانائی سیکٹر میں بہت زیادہ نقصانات ہیں، جس کی وجہ سے معیشت بیٹھ گئی ہے، ہمارے حالیہ اقدامات سے ایکسپورٹ میں اضافہ اور امپورٹ میں کمی آئی ہے۔

بجلی کے نرخوں میں اضافے پر اسد عمر کا کہنا تھا کہ ای سی سی اجلاس میں دو سے تین بار بجلی کے نرخ بڑھانے کی سمری آئی، میں نے سمری مسترد کی اور کہا کہ بجلی چوری کے خلاف اقدامات کریں۔

وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ معیشت کے فیصلے سیاست کی بنیاد پر نہیں معاشی بنیاد پر ہونے چاہئیں، پالیسیوں پر عملدرآمد کرنیوالے اچھے افسر نہیں ہوں گے تو کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ خسارے میں چلنے والے اداروں کے فنڈز سےمتعلق بھی بہت جلد فیصلہ کیا جائے گا۔

تازہ ترین