• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ورلڈ میمن آرگنائزیشن کے تحت دنیا بھر کی میمن برادری کی 16 ویں سالانہ جنرل اسمبلی میٹنگ 11 سال بعد پاکستان میں ہورہی ہے اور اس کے لیے حسب سابق کراچی کا انتخاب کیا گیا ہے۔

ڈبلیو ایم او کے اس اہم ترین سالانہ اجتماع میں دنیا بھر سے ڈھائی سو سے تین سو جبکہ مجموعی طور پر پانچ سو مندوبین شرکت کر رہے ہیں اور تقریبات میں اہم شخصیات شرکت کریں گی۔

آرگنائزیشن کے پاکستان چیپٹر کے جنرل سیکریٹری الطاف حبیب جانگڑا نے’جنگ‘ـ کو بتایا کہ ورلڈ میمن اورگنائزیشن کے تحت کراچی میں آخری سالانہ جنرل اسمبلی میٹنگ سال 2007 میں منعقد ہوئی تھی جس کے بعد پاکستان خاص طور پر کراچی میں حالات خراب ہونے کی وجہ سے یہ اجتماع نہیں ہوسکا تھا۔

یہ اجتماع اس عرصے میں دیگر ممالک میں باقاعدگی سے منعقد ہوتے رہے اور اب ملک میں امن و امان کی صورتحال بہت بہتر ہونے کی وجہ سے 16 ویں سالانہ جنرل اسمبلی میٹنگ کا انعقاد کراچی میں کیا جارہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ورلڈ میمن آرگنائزیشن کی تقریبات یکم نومبر 2018 سے 4 نومبر تک مقامی ہوٹلز میں جاری رہیں گی۔ تقریبات میں یکم نومبر کو بزنس کانفرنس صبح 8 بجے سے شام 6 بجے تک ہوگی۔

اگلے روز جمعہ 2 نومبر کو صبح نو بجے سے 12 بجے تک ورلڈ میمن آرگنائزیشن کی مینیجنگ کمیٹی کی میٹنگ منعقد ہوگی۔ اسی روز سہہ پہر 3 بجے سے شام 7 بجے تک ڈبلیو ایم او انٹرنیشنل لیڈیز ونگ میٹنگ منعقد ہوگی جبکہ اسی دورانیے میں ڈبلیو ایم او کی گلوبل یوتھ ونگ میٹنگ کا انعقاد بھی ہوگا۔

تقریبات کے تیسرے روز ہفتہ 3 نومبر کو صبح ساڑھے 10 بجے سے دوپہر ساڑھے بارہ بجے تک ورلڈ میمن آرگنائزیشن کی سولہویں سالانہ جنرل اسمبلی میٹنگ منعقد ہوگی جس میں صرف ڈبلیوایم او کے ممبرز کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔

اسی روز ڈھائی بجے تیسری مینیجنگ کمیٹی میٹنگ برائے سال 2017 تا 2020 منعقدہوگی۔ اسی روز چار بجے سے 5 بجے تک ڈبلیوایم او کے بورڈ آف ٹرسٹیز کی میٹنگ ہوگی۔ ہفتے کی شب ساڑھے آٹھ بجے اس سلسلے کا اہم پروگرام کراچی کے گورنر ہاؤس میں گالا ڈنر ہوگا جس میں ملک کی اہم شخصیات شرکت کریں گی اور ایک ہزار سے زائد مہمانوں کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔

پروگرام کے آخری روز اتوار کو صبح 11 بجے سے رات 11 بجے تک بحریہ آڈیٹوریم کارساز روڈ میں میمن فیملی فیسٹول کا انعقاد ہوگا جس میں عام لوگوں کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔

تازہ ترین