• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بہت سے گھروں کے داخلی دروازے اس قدر خوبصورت ہوتے ہیں کہ بندہ دیکھ کر مبہوت رہ جاتاہے۔ ان دروازوں کے اوپر دوہرے سائبان اور نیچے لگے چھوٹے فانوس روشنی بکھیرتے ہوئے ان کی دلکشی میں اضافہ کرتے ہیں۔ دروازوں کےساتھ لگی پھولوں کی بیلیں اطراف میں اور بھی بھلی لگتی ہیں اور دروازہ کھلتے ہی نگاہ ہرے بھرے باغ پر پڑے تو طبیعت اور بھی خوش ہو جاتی ہے۔ اسی لیے ضروری ہے کہ گھر کی تعمیر کے دوران مرکزی دروازے کیلئے بہت سوچ بچا ر کیا جائے۔ خاص طورپر یہ کہ آپ نے کس انداز میں گھر کا بیرونی دروازہ بنانا ہے، آیا یہ لکڑی سے بنایاجائےیا لوہےسے اور دروازوں کے انتخاب پر کن باتوں کا خیال رکھنا ضروری ہے۔ آپ کون سے ڈیزائن اور رنگوں کا انتخاب کرنا چاہتے ہیں؟

اسٹیل ہو یا لکڑی، دونوں میں ہی دروازں کے بے شمار سٹائل اور دلکش انداز موجود ہیں اور ان میں متعدد جدید جیومیٹریکل اور رنگین اسٹائل متعارف ہو چکے ہیںاوریہ اپنی بناوٹ اور اشکال کے اعتبار سے نہایت ہی خوبصورت اور مضبوط ہیں۔ گھر کی تعمیر میں دیگر مواد کی طرح جن چیزوں کا انتخاب کرتے ہوئے آپ سوچ بچار کرتے ہیں، ان میں سے ایک مرکزی داخلہ گاہ کے لیے دروازے کا انتخاب ہے۔ پورے گھر کے تاثر کو مکمل کرنے کے لیے یہ ضروری ہے کہ آپ اپنے گھر کے ڈیزائن کے مطابق ایک خوبصورت دروازے کا انتخاب کریں اور یہ بات مختلف انداز کے دروازوں کو دیکھنے کے بعد ہی ممکن ہے۔

آج کل کے مشہور اور معروف انداز میں چوڑا لکڑی کا دروازہ بھی شامل ہے۔ دروازے کے ساتھ لگا ہوا شیشے کا پینل اسے اور شاندار انداز دے سکتاہے ۔ لکڑی اور شیشے کے ملاپ سے بنا دروازہ ہمیشہ ہی بہت خوبصورت اور منفرد لگتا ہے۔ گہرے رنگ کے شیشے اس کے حسن کو دوبالا کر دیتے ہیں۔

مرکزی گیٹ کے ليے مضبوطی کے ساتھ ساتھ انفرادیت، جدت اور خوبصورتی بیک وقت ضروری ہوتی ہے۔ تخلیقی فنکاری اورماہرانہ نفاست آپ کے ذوق کی ترجمانی کرتی ہے۔ برقی اور خودکار مرکزی گیٹ حفاظتی نقطۂ نگاہ سے زیادہ محفوظ ہوتے ہیں، جن میں آپ کیمروں سمیت دیگر سمعی اوربصری آلات نصب کرسکتے ہیں۔

ماہرین تعمیرات نقشہ بناتے وقت مرکزی دروازوں کی منصوبہ بندی کرلیتے ہیں۔ مثال کے طورپر فنکارانہ نفاست سے تعمیر کیے گيے مہرابی کوریڈورکے سرے پرنصب کالی لکڑی کے دروازے کو پس منظراورپیش منظرسے یادگار اور ممتاز بنایا جاسکتاہے۔

محفوظ اور شائستہ ماحول میں شیشے کے دروازے ایک تیزی سے فروغ پانے والا رجحان بن چکا ہے۔ لازمی بات ہے آپ اسے مرکزی دروازے کے طورپر استعمال نہیں کرسکتے لیکن صحن کے بعد گھر کے مرکزی حصے میں داخل ہونے والے راستوں پر شیشے کے دروازے لگا سکتے ہیں۔ یہ مضبوط اور قابل بھروسہ ہوتے ہیں۔ انکی صفائی آسان ہوتی ہے اور یہ زنگ وغیرہ سے محفوظ رہتے ہیں۔ گھریلواستعمال کے ليے شیشے کے رنگین دروازے بھی منتخب کيے جا سکتے ہیں۔ مرکزی دروازہ شیشے اورلکڑی کے ماہرانہ استعمال سے ترتیب دیا جائے توروایتی ڈیزائن کے ساتھ جدید دور کی نمائندگی ہوجاتی ہے۔ مرکزی دروازے کے اس قسم کےا سٹائل میں برآمدہ بھی تخلیق کیا جاسکتا ہے، جس سے دروازہ کے ساتھ چھت بھی آراستہ کی جاسکتی ہے۔ ہمارے ہاں اس قسم کے اسٹائل کو کافی پسند کیا جاتا ہے۔

آہنی دروازے حفاظت کے لحاظ سے زیادہ محفوظ تصور کئے جاتے ہیں۔ لوہے کے دروازوں کے بہت سے ڈیزائن مارکیٹ میں دستیاب ہیں۔ دروازے کی مناسبت سے بیرونی دیوار میں بھی لوہے کی سلیب والا ڈیزائن شامل کریں، یہ آپ کے گھر کی خوبصورتی کو مزید نکھارنے کے ساتھ مضبوطی بھی فراہم کرسکتاہے۔ اس سلیب کےنیچے جدید روشنیاں اسے مزید دیدہ زیب بنا سکتی ہیں۔

لکڑی کی طرح دروازوں میں لوہے کے استعمال کا رجحان بڑھتا جا رہا ہے، کیوں کہ یہ مضبوط ہوتے ہیں اور کسی بھی اسٹائل میں بنائے جا سکتے ہیں۔ دروازے کے اوپر سیمنٹ سے بنا شیڈ ایک الگ ہی منظر پیش کرتاہے۔

اگر آپ کے گھر کا مرکزی دروازہ بڑا اور مضبوط ہو گاتو یہ دیکھنے والے پر اپنا اچھا تاثر چھوڑے گا۔ دروازے کا بڑا اور خوبصورت ڈیزائن گھر کے بارے میں اچھی رائے قائم کرنے میں مدد دیتا ہے۔ عام طور پر اس قسم کاا سٹائل بڑی حویلیوں، فارم ہاؤسز اور بڑے گھروں کے مرکزی دروازوں کے لئے زیادہ موزوں رہتا ہے۔

تازہ ترین