• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جاوید شیخ نے پاکستانی فلموں میں متعارف کرایا،ادیتی سنگھ

بھارتی اداکارہ ادیتی سنگھ نے کہا ہے کہ پاکستان اب میرا دوسرا گھر لگنے لگا ہے، چوتھی مرتبہ کراچی آئی ہوں اور دوسری بار فلم میں مرکزی کردار کے لیے کاسٹ کی گئی ہوں، پاکستان آکر بہت خوش ہوں اور یہاں کے صفِ اول کے فنکاروں کے ساتھ کام کر رہی ہوں۔ فلموں کے منجھے ہوئے اداکار ندیم، جاوید شیخ اور شاہد سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا۔ جاوید شیخ نے پاکستانی فلموں میں متعارف کرایا۔ میں نے پہلی مرتبہ پاکستانی فلم، وجود میں کام کیا اور دوسری مرتبہ فلم، چھا جا رے میں کام کرنے پاکستان آئی ہوں۔

مقامی ہوٹل میں جنگ کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے اداکارہ ادیتی سنگھ نے کہا ہے کہ کراچی کی بریانی، ڈیفنس اور طارق روڈ کے علاقوں میں شاپنگ کرنا بہت اچھا لگتا ہے۔ فواد خان، ہمایوں، سعید، شہریار منور کے ساتھ فلموں میں بطور ہیروئین کام کرنے کی خواہش ہے۔ بھارت میں مشکلات کے باوجود بھی ماہرہ خان، فواد خان اور صبا قمر کو مداح اور فنکار برادری بہت مِس کر رہے ہیں۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ میں نے کئی بھارتی فلموں میں کام کیا ہے۔ بالی وڈ کے دبنگ خان، سلمان خان کے ساتھ دو، تین ٹی وی کمرشلز بھی کیے۔ بگ باس میں سلمان خان کے ساتھ مجھے بہت پسند کیا گیا۔ فلم، وجود میں میرے کام کو پاکستان میں بہت سراہا گیا اور مجھے کسی بھی جانب سے کوئی غلط بات سننے کو نہیں ملی اور مجھے یہ احساس بھی نہیں ہونے دیا کہ میں بھارت سے پاکستان کام کرنے آئی ہوں۔

ادیتی سنگھ کا کہنا تھا کہ ہمارے دونوں ملکوں کا رہن سہن ایک جیسا ہے۔ صرف دونوں ملکوں کے درمیان سرحدوں کی لکیریں ضرور ہیں لیکن ہمارے دل ملے ہوئے ہیں۔ عوام ایک دوسرے سے بہت پیار کرتے ہیں۔ میں کراچی میں ایسے گھومتی ہوں کہ جیسے یہ میرے لیے ممبئی ہو۔ فلم چھا جا رے میں آئٹم سونگ نہیں، بلکہ ڈانس نمبر کر رہی ہوں، کیونکہ مجھے بچپن سے اداکاری اور رقص کا جنون ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تمام پاکستانیوں کی شکر گزار ہوں کہ انہوں نے مجھے بہت پیار دیا۔

تازہ ترین