• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نجم سیٹھی نے پی سی بی کو لیگل نوٹس بھجوا دیا

پی سی بی کے سابق چیئرمین نجم سیٹھی نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو لیگل نوٹس بھجوا دیا جس میں کہا گیا ہے کہ میرے دور میں کیے گئے اخراجات کے غلط اعداد و شمار سامنے لائے گئے ہیں اور اس کے پیچھے سیاسی مقاصد ہیں ۔

دو روز قبل پی سی بی کی جانب سے ایک چارٹ جاری کیا گیا جس میں نجم سیٹھی کے چیئرمین شپ کے وقت کے اخراجات درج تھے ، اس پرسابق چیئرمین نے پی سی بی کو اپنے وکلاء کی وساطت سے لیگل نوٹس بھیجا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ان کے دور کے اخراجات کے غلط اعداد و شمار سامنے لائے گئے ،پی ایس ایل کی مد میں نجم سیٹھی نے کوئی رقم نہیں لی۔

انہوں نے نوٹس میں کہا ہے کہ پی سی بی کی جانب سے چارٹ جاری کرنے کے پیچھے سیاسی مقاصد ہیں ،غلط چارٹ سے صرف نجم سیٹھی کو بدنام کرنا مقصد تھا ۔

لیگل نوٹس میں کہا گیا ہے پی سی بی اس پر معافی مانگے اور جاری کردہ چارٹ سے دستبردار ہو ورنہ ہتک عزت کے آرڈیننس 2002 کے تحت کارروائی آگے بڑھائی جائے گی۔

لیگل نوٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ویپ سائٹ پر چیئرمین پی سی بی احسان مانی کے رہائشی الاؤنس کا کوئی ذکر نہیں کیا گیا ہے۔

تازہ ترین