• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


پاکستانی اداکار و گلوکار فخر عالم کو روس کا نیا ویزا مل گیا جس کے بعد انہوں نے ’مشن پرواز ‘کا ایک مرتبہ پھرسے آغاز کردیاہے۔ انہوں نےسوشل میڈیا پر اُن تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا ہے جنہوں نے اس معاملے میں ان کی مدد کی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پاکستانی اداکار و گلوکار فخر عالم نے ٹوئٹ کے ذریعے پیغام جاری کرتے ہوئے لکھا کہ انہیں نیا ویزا موصول ہوگیا ہے اور وہ روس کے شہر ’Petropavovask ‘ائیرپورٹ جانے کی تیاری کررہے ہیں۔


انہوں نے لکھا کہ میرے تمام دوست، خیر خواہ ، پاکستانی حکومت اور روسی حکام کو بے حد شکریہ جنہوںنے مشن پرواز جاری رکھنے میں اُن کی مدد کی۔


فخر عالم نےاپنے ٹوئٹر اکائونٹ سے ایک اور ٹوئٹ جاری کرتے ہوئے لکھا کہ وہ پریس انفارمیشن ڈپارٹمنٹ،پاکستان تحریک انصاف کے زلفی بخاری، علی زیدی اور عمران اسماعیل سمیت اُن تمام افراد کے شکر گزارہیں جنہوں نے مشن پرواز کو جاری رکھنے میں اُن کی بھرپور مدد کی۔ پاکستان زندہ باد!!


اداکار فخر عالم نے ایک اور ٹوئٹ کیا اس میں بھی انہوں نے پاکستانی عوام اور پاکستانی میڈیا کا شکریہ ادا کیا ہے اور کہا کہ آپ سب کی دعائوں اور حمایت کا بے حد شکریہ۔ آپ لوگوں کی وجہ سے میں ایک مرتبہ پھر سے مشن پرواز جاری رکھ سکا ہوں،اور یہ مشن مکمل ہونے کے بعد وہ پوری دنیا کا اکیلے سفر کرنے والے پہلے پاکستانی بن جائیں گے۔

واضح رہے اداکار فخر عالم کو گزشتہ روز روس کے شہر ’Yuzhno-Sakhalinsk‘ کے ائیرپورٹ پر حراست میں لے لیا گیا تھا، جس کی وجہ اُن کا ویزا ختم ہونا تھی۔ انہیں ائیرپورٹ پر ایک کمرے میں بند رکھا گیا تھا جہاں انہیں کھانا پینا میسر تھا نا ہی انٹرنیٹ کی سہولت، ان کا موبائل فون بھی ائیرپورٹ انتظامیہ کے قبضے میں تھا۔

انہوں نے پاکستانی حکومت اور عوام سے اپیل کی تھی کہ ان کی مدد کی جائے۔

تازہ ترین