• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عوام کے بعض مسائل ایسے بھی ہیں جنہیں اگر ماضی میں حل کرنے کی کوشش کی جاتی تو ان کی مشکلات میں اضافہ نہ ہوتا ۔ یوں ان میں سے ایک اہم مسئلہ یہ ہے کہ آبادی بڑھنے کے باعث گاڑیوں، بسوں اور رکشوں کی تعداد میں تیزی سے اضافے اور قوانین پر عمل نہ کرنے کے باعث ٹریفک حادثات پہلے کی نسبت زیادہ ہورہے ہیں۔ زیادہ تر ہلاکتیں موٹر سائیکل سواروں کی ہوئی ہیں۔ لوگ بار بار تاکید کے باوجود دوران سفر ہیلمٹ استعمال نہیں کرتے، اسی وجہ سے حادثے یا پھسلنے کے نتیجے میں سر پر چوٹ موت کا سبب بنتی ہے۔ اس صورتحال پر قابو پانے کیلئے گزشتہ روز بلدیہ عظمیٰ کراچی کے عام اجلاس میں ٹریژی بنچ کی جانب سے قرارداد پیش کی گئی جس میں موٹر سائیکل سواروں کی ٹریفک حادثات میں ہلاکتوں پر تشویش کا اظہار کیا گیا اور مطالبہ کیا گیا کہ ہیلمٹ کے استعمال کو یقینی بنانے کے لئے قانون سازی کی جائے اور پیٹرول مالکان سے درخواست کی جائے کہ جو موٹرسائیکل سوار ہیلمٹ پہنے ہوئے نہ ہوں ان کو پیٹرول فراہم نہ کیا جائے اور جو پیٹرول مالکان اس پر عمل نہیں کرتے ان کے پیٹرول پمپ بند کر دیئے جائیں۔ اس طرح کے حادثات میں قیمتی جانوں کا ضیاع صرف سندھ نہیں پورے ملک کا مسئلہ ہے اس لئے ضروری ہے کہ صوبائی اسمبلیاں اور تمام بلدیاتی ادارے اسی قسم کی قرارداد منظور کریں، ان پر عمل کرانے کیلئے صوبائی اور مرکزی حکومتوں کو بھی اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ یہ بھی ضروری ہے کہ ہیلمٹ کی کم داموں فراہمی یقینی بنائی جائے۔ ماضی قریب میں ہیلمٹ کے استعمال پر سختی سے عمل کرانے کے دوران اس جانب توجہ نہیں کی گئی 800کا ہیلمٹ 2000روپے میں فروخت ہورہا ہے۔

اداریہ پر ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائے دیں00923004647998

تازہ ترین