• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: پرائیوٹ اسکولز کا کل تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان

پرائیوٹ اسکولز ایسوسی ایشن نے  کل کراچی میں تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن کے مطابق کراچی میں خراب حالات اور بند راستوں کے باعث طلباء اسکول نہیں پہنچ پائیں گے، جس کی وجہ سے بروز جمعرات ( کل) تعلیمی ادارے بند رکھیں گے۔

پرائیوٹ اسکولز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ محکمہ تعلیم سندھ حالات کے پیش نظر اسکول بند رکھنے کا اعلان کرے، اگر محکمہ تعلیم سندھ نے اعلان نہ کیا تو ازخود اسکول بند کرنے پر مجبور ہوں گے۔

دوسری جانب آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن نے پنجاب کے مختلف شہروں میں کل اسکولز بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

فیڈریشن صدر کا کہنا ہے کہ اسکول بندش کا فیصلہ سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر کیا ہے۔

یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے توہین رسالت کے جرم میں سزائے موت پانے والی مسیحی خاتون آسیہ بی بی کو ناکافی شواہد کی بناء پر بری کردیا۔

آسیہ بی بی کی بریت کیخلاف کراچی، لاہور، اسلام آباد سمیت کئی شہروں میں احتجاجی دھرنے دیئے جارہے ہیں۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں تحریک لبیک پاکستان کی جانب سے احتجاجی مظاہروں کے باعث لیاری ایکسپریس وے کراچی اور حیدرآباد کے دونوں روٹس کو بند کردیا گیا ہے۔

کراچی میں بلدیہ ٹاؤن چار نمبر، نمائش چورنگی، شارع فیصل اسٹار گیٹ، سہراب گوٹھ الآصف اسکوائر، اورنگی ٹاؤن 5 نمبر، سرجانی ٹاؤن فور کے چورنگی پر احتجاج کیا جارہا ہے۔

احتجاج کے باعث بلدیہ ٹاؤن جانے والی سڑک ٹریفک کیلئے بند ہے اور شیرشاہ سے بلدیہ جانے والی ٹریفک کو لیبر اسکوئر کی طرف موڑ دیا گیا ہے جب کہ مواچھ گوٹھ سے آنے والی ٹریفک کو ڈبہ موڑ کی طرف موڑا گیا ہے۔

تازہ ترین