آپ آف لائن ہیں
جنگ ای پیپر
ہفتہ14؍ شعبان المعظم 1440 ھ20؍اپریل 2019ء
Namaz Timing
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیئرمین و ایگزیکٹوایڈیٹر: میر جاوید رحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہیوسٹن میں گذشتہ بیس سالوں سے فلاحی و امداد ی کاموں میں اہم کردار ادا کرنے والے پاکستانی کمیونٹی رہنما سعید شیخ کو ان کی شاندار خدمات پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے صدارتی لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ دیا گیا ۔

واضح رہے کہ وہ پہلے پاکستانی نژاد امریکی ہیں جنہیں اس گر انقدر اعزاز سے نوازا گیا ہے انہیں یہ ایوارصدر ٹرمپ کی ایما پر ڈیلس میں سابق امریکی صدر جارج بش نے ایک پروقار تقریب میں پیش کیا۔تقریب کا اہتمام سابق صدر جارج بش کے ڈیلس میں واقع دفتر میں معروف پاکستانی نژادامریکی تاجر ایس جاوید انور کے تعاون سے کیا گیا تھا ۔

اس موقع پر امریکہ میں پاکستانی سفیر علی جہانگیر صدیقی اور ہیوسٹن میں متعین پاکستانی قونصل جنرل عائشہ فاروقی نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی۔ واضح رہے کہ یہ ایوارڈ سعید شیخ کو ہر مشکل گھڑی میں رضا کارانہ طور پر غیر معمولی خدمات پیش کرنے پر دیا گیا۔ ایوارڈ کے ساتھ تہنیتی خط میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعید شیخ کو امریکی قوم کی طرف سے زبردست خراج تحسین پیش کیا اورکہا کہ آپ نے اپنی خدمات سے مصیبت زدہ افراد کی امدادکیلیےجو کاوشیں کیں وہ امریکی جذبہ حب الوطنی کی حقیقی عکاسی ہے۔

آپ کی خدمات سے نہ صرف لوگوں کو متحدر رکھنے کیلئے تعاون اور اعتماد کے رشتوں کو استحکام ملا ہے بلکہ دور حاضر کے بعض عظیم چیلنجوں سے نمٹنے میں بھی مد د ملی ہے۔ یاد رہے کہ سعید شیخ نے پاکستان میں سیلاب ، تھر میں قحط کی صورتحال، بلوچستان میں زلزلے اور اوکلا ہاما میں طوفان کے موقع پر 35تنظیموں کے اشتراک سے الائنس آف ڈیزاسٹرر یلیف قائم کیا تھا جس کے تحت 10ہزار سے زائد افراد کیلئے 3لاکھ ڈالر ز جمع کیے تھے۔

جبکہ طوفان ہاروی کے موقع پر الائنس نے متاثرین میں 2لاکھ ڈالر سے زائد کی امدادی اشیاءتقسیم کی تھیں ۔دریں اثنا مئیر ہیوسٹن سلویسٹر ٹرنر، خاتون رکن کانگریس شیلا جیکسن لی ،صدرسسٹر سٹیز آف ہیوسٹن ھیری جی سمیت دیگر ممتاز شخصیات نے سعید شیخ کو ایوارڈملنے پر مبارکباد دی ہے۔اس موقع پر سعید شیخ نے جاوید انور اور کمیونٹی کا شکریہ اداکیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ مستقبل میں بھی پاکستانی کمیونٹی اور پاکستان کیلئے خدمات جاری رکھیں گے۔

Chatاپنی رائے سے آگاہ کریں