• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


نومبر کاآغا ز ہوتے ہی ملک کے بیشتر علاقوں میں سردی کا بھی آغاز ہوگیا، بالائی علاقوں کے راستوں، درختوں، گھروں پر سفیدی چھاگئی۔

گلگت بلتستان، مری، چترال، آزاد کشمیر میں بارش اور برف باری سے سردی مزید بڑھ گئی، ادھر شمالی بلوچستان میں کہیں مطلع جزوی طور پر ابرآلود ہے تو کہیں بارش کے ساتھ تیز ہواؤں سے موسم سرد ہو گیا ہے۔

ملک میں کہیں کالے بادل ہیں تو کہیں بارش کی بوندیں ہیں، کہیں آسمان سے برستے برف کے گا لوں نے موسم بدل دیا اور موسم سرد سے سرد ہونے لگا۔

گلگت بلتستان کے ضلع استور کے میدانی علاقوں میں بارش جبکہ بالائی علاقوں میں برف باری کا سلسلہ جاری ہے، ہنزہ اور اسکردو، غذرکے پہاڑی پر بھی برف باری سے ٹھنڈ مزید بڑھ گئی ہے۔

دیربالا اور چترال کے میدانی علاقوں میں بارش اور بالائی پہاڑوں پر برف باری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے ۔

ادھر مری میں وقفے وقفے سے بارش سے پودوں، پھولوں کا حسن اورنکھر گیا ہے۔

آزاد کشمیر کے مختلف پہاڑی علاقوں میں برف باری اور مظفر آباد شہرمیں ہلکی بوندا باندی سے پربتوں سے وادیوں تک ہر چیزنکھری،نکھری اوردھلی دھلی ہوگئی، سبزہ آنکھوں کو ٹھنڈک بخشنے لگا اور سردی بھی بڑھ گئی۔

شمالی بلوچستان میں کہیں کہیں مطلع جزوی طور پر ابرآلود تو کہیں بارش کے ساتھ تیز ہواؤں سے موسم سرد ہو گیا، سندھ ، پنجاب میں بھی موسم میں خنکی پیدا ہونے لگی ۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 3روز تک مختلف شہروں پشاور، مالاکنڈ، ہزارہ، مردان اوربنوں میں بارش اور بالائی علاقوں میں برف باری کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبر دار کیا ہے کہ اسموگ کےباعث پھیپھڑوں اور دل کی بیماریوں میں اضافہ ہو سکتا ہے، اسمگوگ کے دوران پانی کا زیادہ استعمال اور احتیاطی تدابیر اختیارکرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔


تازہ ترین