• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عدنان صدیقی ’کوکو کورینا‘ کے حق میں بول پڑے

پاکستان کے نامور اداکار عدنان صدیقی نے بھی کوک اسٹوڈیو کے نئے گانے ’کوکو کورینا‘ پر اپنی رائے کا اظہار کردیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق چند روز قبل اداکار احد رضا میر اور گلوکارہ مومنہ مستحسن کو لیجنڈری گانے ’کوکو کارینا‘ کو تباہ کرنے پر شدید تنقیدکا نشانہ بنایا جارہا تھا۔ تنقید کرنے والوں میں سوشل میڈیا صارفین، شوبزسے تعلق رکھنے والی کئی مشہور شخصیات سمیت وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری بھی شامل تھیں۔

تنقید کرنے والوں کا کہنا تھا کہ کوکو کورینا ایک بہترین گانا ہے جو کہ لیجنڈری، چاکلیٹی ہیرو وحید مراد پر فلمایا گیاتھا جسے احمد رشدی نے گایا تھا اور یہ آج تک مقبول ہے لیکن احد اور مومنہ نے اس گانے کا ریمیک ورژن گا کر اس گانے کو تباہ کردیا ہے۔

پاکستانی میوزیکل شو کوک اسٹوڈیوکا نیا گانا ’کوکو کورینا‘ سننے کے بعد اداکار عدنان صدیقی نے بھی بلا آخراپنے جذبات کا اظہار کردیا ۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر عدنان صدیقی نے ایک تصویر شیئر کی ہے جس میں مومنہ مستحسن، احد رضا میر، وحید مراد اور احمد رشدی موجود ہیں، اس تصویر کے ساتھ انہوں نے لکھا کہ کچھ روز قبل احد اور مومنہ نے کوکو کورینا کو ایک بار پھر سے گایا، یہ وہ گانا ہے جسے پاکستان کا پہلا حقیقی معنی میں پاپ گانا سمجھا جاتا تھا۔ اس گانے کا اصل ورژن احمد رشدی نے گایا اور چاکلیٹی ہیرو وحید مرادفلمایا گیا تھا۔


انہوں نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں ہم اس گانے کے دونوں ورژنوں کا موازنہ لاشعوری طور پرکررہے ہیں۔ اس گانے کے بعد سے دونوں فنکاروں پر ہر طرف سے شدید تنقید کی جارہی ہے جو کہ غلط ہے۔ اُن کے خیال میں جب آرٹسٹ کچھ نیا کرنے کی کوشش کرتا ہے تو عوام کے پاس مکمل اختیارہوتا ہے کہ وہ اس کے کام کی حوصلہ افزائی کرے اور اسے ناپسند کرنے کا بھی وہ پورا حق رکھتے ہیں لیکن اس طرح کسی کو ناپسند کرنا وہ نہیں سمجھتے کہ ٹھیک ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہر مرتبہ ایسا نہیں ہوتا کہ آرٹسٹ جوکچھ بھی نیا کرے وہ مداحوں کو پسند آجائےبلکہ عام طور پر ایسا ہوتا ہے کہ انہیں ملے جلےردعمل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

عدنان صدیقی کے علاوہ صرف اداکارہ و ماڈل نادیہ حسین ، یاسر حسین اوراداکارہ سجل علی اس گانے کی حمایت کرتے دکھائی دیے ہیں۔

واضح رہے احد رضا میرکاکوک اسٹوڈیو کے سیزن 11 میں ڈیبیو گانا ’کوکو کورینا‘ 19 اکتوبر کو ریلیز ہوا تھا جس میں ان کے ساتھ گلوکارہ مومنہ مستحسن نے گلوکاری کی ہے۔

تازہ ترین